EPAPER
Updated: June 29, 2021, 8:03 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
یہاں کلا نگر جنکشن پر ٹریفک کے مسئلے کو کم کرنے کیلئے ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعے تعمیر کئے گئے ورلی سی لنک سے بی کے سی - کلانگر فلائی اوو ر کا افتتاح پیر کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں ہوا
یہاں کلا نگر جنکشن پر ٹریفک کے مسئلے کو کم کرنے کیلئے ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعے تعمیر کئے گئے ورلی سی لنک سے بی کے سی - کلانگر فلائی اوو ر کا افتتاح پیر کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں ہوا ۔انہوں نے ربن کاٹ کر ۲؍ لین کے اس روڈ کا افتتاح کیا جس کے بعد اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ ایم ایم آر ڈی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فلائی اوور سے سی لنک سے بی کے سی آمدورفت میں ۱۰؍ منٹ کا وقت بچے گا، ایندھن کی بچت ہوگی اور کلا نگر جنکشن پر ٹریفک جام سے بھی نجات ملے گی۔
افتتاحی تقریب میں شہری ترقی و تعمیرات عامہ کے وزیر ایکناتھ شندے ، اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک ، وزیر ٹرانسپورٹ ایڈوکیٹ انل پرب، وزیر سیاحت اور ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے، ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ ، میئر کشوری پیڈنیکر ، ایم ایم آر ڈی اے کمشنر ایس وی آر سرینواس اور دیگرافراد موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’میرا بچپن اسی علاقے میں گزرا ہے۔ ہم اس علاقے میں ۱۹۶۶ءسے رہ رہے ہیں۔ اس علاقے سے میری بہت ساری یادیں وابستہ ہیں۔ یہ علاقہ اب بہت آبادہوگیا ہے۔ بی کے سی کاروباری ہب بن گیاہے جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک کی آمد و رفت بھی بہت بڑھ گئی ہے اور کلا نگر جنکشن پر ہمیشہ ٹریفک جام رہتا ہے لیکن اس فلائی اوورکے شروع ہونے سے ، کلا نگر جنکشن اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام نہیں ہوگا۔ انہوںنے مذاقاً کہا کہ کلا نگر جنکشن کے قریب ہی ایم ایم آر ڈی اے کا آفس بھی ہے اسی لئے اس علاقے کو ٹریفک کے مسئلہ سے نجات دلائی گئی ہے لہٰذا شہر میں جہاں جہاں بھی ٹریفک کا مسئلہ ہے، وہاں ایم ایم آر ڈی اے کا آفس قائم کیاجانا چاہئے۔
اس پروجیکٹ کے تین حصے ہیں۔ورلی سی لنک سے بی کے سی جانے کیلئے ۸۰۴۰؍ میٹر لمبا اور ۷ء۵۰؍ میٹر چوڑا دو لین روڈ ۔ بی کے سی سے ورلی سی لنک جانے والا ۶۵۳ء۴۰؍ میٹر لمبا اور ۷ء۵۰؍ میٹر چوڑا دو لین والا روڈ اور دھاراوی جنکشن سے ورلی سی لنک کی جانب جانے والا ۳۴۰۰؍ میٹر لمبا اور ۷ء۵۰؍ میٹر چوڑا دو لین روڈ ۔