EPAPER
Updated: January 28, 2022, 8:55 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
دو منزلہ مکان پرمزید دومنزلہ تعمیرکیا گیا تھا۔ تمام زخمی افراد اسپتال میں زیرعلاج۔ ایک زخمی کی حالت نازک۔ پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف
یہاں کے مغربی علاقے بہرام پاڑہ کی رضا مسجد پر بدھ کو ایک ۴؍ منزلہ مکان منہدم ہوگیا جس کی وجہ سے ۷؍ افراد زخمی ہوگئے۔ خیریہ ہوئی کہ اس میںکوئی جانی نقصان نہیں ہوا اورسبھی کو باہرنکال لیاگیا اوراسپتال میں ان کا علاج جاری ہے جہاںان سب کی حالت میںبہتری بتائی گئی ہے۔ یہ مکان ۳؍بجکر ۵۵؍منٹ پرگرا تھا ۔ بتایا جاتا ہےکہ پہلے یہ مکان دومنزلہ تھا اور اس پرمزید دومنزلہ تعمیر کیا گیا تھا لیکن بنیاد کمزور تھی چنانچہ یہ مکان تو گرا ہی کچھ حصہ متصل مکانات پربھی گرگیا ۔
جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، وہاں ہنگامہ مچ گیا اور لوگ بچاؤ بچاؤ کا شور بلند کرتےہوئے دوڑے۔ فائربریگیڈ کوفون کیاگیا چنانچہ ۷؍فائر انجن ، ایک ریسکیو گاڑی اور۱۰؍ ایمبولینس موقع پرپہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے جوانوں اوربی ایم سی عملہ کے ساتھ مقامی نوجوانوں نے بھی راحت اوربچاؤ کے کاموں میںحصہ لیا۔ چنانچہ ایک نوجوانوںکے علاوہ بقیہ کو تھوڑی ہی دیر میںنکال کراسپتال روانہ کردیا گیا البتہ فخرعالم محمداسماعیل شیخ نا م کا نوجوان کچھ اس طرح سے پھنس گیا تھاکہ اسے تین گھنٹے کےبعد نکالا جاسکا ۔ حالانکہ اس دوران راحت اوربچاؤ میںمصروف عملہ اس نوجوان سے بات چیت کرتا رہا اوراسے پانی بھی دیا گیا ۔
مکان گرنے سے زخمی ہونے والوں میں جاوید یونس (۳۳)، نازیہ ذاکرحسین (۱۸) ، ناہید پروین شیخ (۱۹)، نغمہ شاکر شیخ (۱۵)، محمدنسیم خان (۵۹)،محمدعاقب شاکرحسین (۲۴)فخرعالم محمد اسماعیل شیخ (۱۸)،معین الدین اقبال الدین خان (۶۴)اورسنتوش منڈل (۲۹) شامل ہیں۔ ان زخمیوں میںسبھی کی حالت بہتر ہے البتہ فخرعالم محمد اسماعیل شاہ کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ ان زخمیوں کو وی این دیسائی سانتاکروز اوربھابھا اسپتال باندرہ میں داخل کروایا گیا تھا۔
یہ تفصیلات ڈاکٹرو ں کےساتھ مقامی رکن اسمبلی ذیشان صدیقی نے بھی نمائندۂ انقلاب کے استفسار پربتائیں۔ذیشان صدیقی کے مطابق چونکہ مکان پہلے سےہی دومنزلہ تھا، اس پر بنیاد کی مضبوطی پر توجہ دیئے گئے بغیرمزید دومنزلہ تعمیر کیا گیا جس کی وجہ سے وہ گرگیا ۔اس لئےلوگ قیمتی جانوں کی حفاظت پرپہلے توجہ دیںکیونکہ اگرجان ہے تو جہان ہے ۔اس کے علاوہ مکان کی تعمیر سے قبل اس کی بنیاد پرتوجہ دینابہت ضروری ہے تاکہ اس طرح کے حادثات سے آئندہ بچا جاسکے ۔