EPAPER
Updated: March 24, 2021, 12:16 PM IST | Agency | Kolkata
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی نے اپنے امیدواروںکی آخری فہرست جاری کردی ہے۔قیاس آرائی کے بر خلاف اس فہرست میں بالی ووڈ اسٹار متھن چکرورتی کا نام شامل نہیں ہے ۔
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی نے اپنے امیدواروںکی آخری فہرست جاری کردی ہے۔قیاس آرائی کے بر خلاف اس فہرست میں بالی ووڈ اسٹار متھن چکرورتی کا نام شامل نہیں ہے ۔قیاس آرائی تھی کہ راس بہاری سےمتھن کو ٹکٹ دیا جاسکتا ہے مگر بی جے پی نے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سبرت سہا کو میدان میں اتارا ہے جو کئی سال تک کشمیر کے انچارج تھے۔ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ بی جے پی انہیں انتخابی مہم کیلئے استعمال کرے گی اور اس کے بدلے میں راجیہ سبھا کی سیٹ بطور انعام دے گی۔
خیال رہے کہ متھن چکرورتی نے مودی کی ریلی میں کہا تھا کہ ’’میں کوئی بے ضرر پانی کا صحرائی سانپ نہیں ہوں۔ میں خالص کوبرا ہوں۔‘‘متھن چکرورتی کے اس ڈائیلاگ پر صرف بنگال ہی نہیں بلکہ قومی سطح پر شدید تنقیدیں ہوئی تھیں۔حال ہی میں انہوں نے ممبئی سے اپنا ووٹنگ کارڈ منتقل کرتے ہوئے کلکتہ میں بطور ووٹر ،فہرست میں اپنا نام شامل کرایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق متھن چکرورتی ۳۰؍مارچ کو نندی گرام میں بی جے پی کے امیدوار شوبھندو ادھیکاری کیلئے انتخابی مہم چلائیں گے۔ بی جے پی کیلئے یہ سیٹ وقار کا مسئلہ بنا ہوا ہے، کیونکہ شوبھندو کے خلاف خود ممتا بنرجی نے اپنی امیدواری پیش کردی ہے۔اس کی وجہ سے بی جے پی لیڈروں کی نیند حرام ہوگئی ہے۔ قیاس ہے کہ اس روڈ شو میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی موجود ہوسکتے ہیں ۔ خیال رہے کہ متھن چکرورتی ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن رہ چکے ہیں ۔
دوسری طرف بی جے پی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلاف اور احتجاج کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔سابق چیف اقتصادی مشیر اشوک لہری کوشمالی بنگال کے علی پوردوارسے امیدوار بنایا گیا تھامگران کی مخالفت ہونے کے بعداب انہیں بالور گھاٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ منگل کو شائع ہونے والی اس فہرست میں ایک اہم تبدیلی شمالی۲۴؍پرگنہ کے گیتہا سے سبرت ٹھاکر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ یہ متوا برادری کے نمائندہ ہیں جن پر بی جے پی کی خصوصی توجہ ہے۔ یہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ، شانتو ٹھاکر کے بھائی ہیں۔ وہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) پر عمل درآمد نہ کرنے اور اپنی شہریت سے متعلق غیر یقینی صورتحال کو ختم نہ کئے جانے پر پارٹی سے ناراض ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ریاست میں ۴۰۔۳۰؍سیٹوں پر متوا برادری کے اثرات ہیں ۔
اسی طرح چورنگی اور کاشی پور،بیل گچھیا سے بھی امیدواروں کے نام تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ چورنگی سے پہلے کانگریس کے سابق ریاستی صدر سومن مترا کی اہلیہ شکھا مترا کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا تھامگر شکھا مترا نے ٹکٹ قبول کرنے سے انکار کردیا جو بی جے پی کیلئے بڑی ہزیمت کا سبب بنا تھا ۔اسی طرح کاشی پور،بیل گچھیاسے بی جے پی نے ترنمول کانگریس کے ایک لیڈر کو امیدوار بنایا ہےجبکہ دارجلنگ ، کرسیانک اورکالمپونگ سے بھی بی جے پی نے امیدوار کھڑا کردیا ہے۔گزشتہ الیکشن میں بی جے پی نے یہ سیٹ گورکھا جن مکتی مورچہ کیلئےچھوڑی تھی لیکن اس وقت مورچے کے دونوں حصے ترنمول کانگریس کے ساتھ ہیں۔