EPAPER
Updated: January 26, 2022, 10:55 AM IST | Inquilab News Network/Agency | Patna
بہار بی جے پی کے صدر سنجے جیسوال کے مطابق مسئلے کے حل کیلئے ریاستی انچار ج بھوپیندر یادو پٹنہ کا دورہ کریں گے ، وہ نتیش کے ساتھ مل کر سیٹو ں کی تقسیم کا فیصلہ کریں گے
بہارقانو ن سازکونسل کی۲۴؍سیٹوں پرہونےوالےانتخابات میںاین ڈی اےکی حلیف جماعتوں سیٹوں تقسیم پر اختلاف برقرار ہے ۔ اسی دوران حکمراں محاذ کی دو اہم جماعتوں نے اشارہ دیا ہے کہ جلد ہی این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ طے ہوجائے گا۔
بہار قانون ساز کونسل کی ۲۴؍سیٹوں کے لئےانتخابات ہونے ہیں جس پر این ڈی اے کی حلیف پارٹیوں میںاب تک بات نہیں بن پائی ہے ۔ بی جے پی ۱۳؍سیٹوں سے کم پرراضی نہیں ہے جبکہ جےڈی یو ۵۰۔۵۰؍کے فارمولے پر میدان میںاترنا چاہتی ہے ۔ این ڈی اے میں شامل وی آئی پی ، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم ) اور آر ایل جےپی بھی اپنی حصہ داری کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ ۲۴؍ سیٹوں میں سے وی آئی پی نے بھی اپنا حصہ مانگا تھا جس پر بہار بی جے پی نے انکار کردیا تھا۔ اس انکار پر وی آئی پی کے سربراہ مکیش سہنی نے تنہاا لیکشن لڑنے کا اشارہ دیا ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر تعلیم وجےکمار چودھری نےبتایا کہ پہلےجےڈی یو اور بی جے پی کےدرمیان سیٹوں کاسمجھوتہ ہوگا اور بعد میں اس میں شامل وی آئی پی اور ہندوستانی عوام مورچہ کا ’ایڈجسٹمنٹ‘ ہوگا۔ بی جے پی کی معاون پارٹی کے طور پر مکیش سہنی اور پشو پتی پارس کی پارٹی ہےجبکہ جےڈی یو کے ساتھ جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہے۔ جے ڈی یواور بی جے پی مل بیٹھ کر اس کا حل نکال لیں گے ۔ جے ڈی یو کے لیڈر مزیدنے بتایا :’’جے ڈی یو اور بی جے پی کے درمیان سیٹوںکی تقسیم پر اتفاق کیلئے بات چیت جاری ہے ۔اس کے لئے مجھے بات چیت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں بی جے پی سے بات چیت آخری مرحلےمیں ہے ۔ اتوار کو نائب وزیر اعلیٰ تارکیشور پرساد سے ملاقات ہوئی تھی ۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا :’’ یہ درست ہے کہ بی جے پی اپنی تمام ۱۳؍سیٹنگ سیٹوںپرالیکشن لڑنا چاہتی ہے جبکہ جے ڈی یو ۵۰۔۵۰کے فارمولے پر(۱۲۔ ۱۲؍سیٹوںکے فارمولے پر) الیکشن لڑنا چاہتی ہےلیکن بی جےپی اس کے لئے تیار نہیںہے،اس لئے درمیانی راستہ تلاش کیاجارہاہے ۔‘‘ اسی دوران منگل کو بہار بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال نے مقامی بلدیہ کے کوٹے سے ہونے والے اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم پر جاری رسہ کشی پر کہا:’’ پارٹی کے ریاستی انچارج بھوپیندر یادو جلد ہی پٹنہ آئیںگے ۔ اس کے بعد جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور وزیراعلیٰ نتیش کمار سے مل کر اس پر آخری فیصلہ کریںگے ۔ اب بھوپیندر یادو ہی سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کریں گے۔‘‘ انہوں نے اترپردیش اسمبلی انتخاب میں اتحاد نہیں ہونے سے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی ناراض حلیف جنتادل یونائیٹڈ ( جے ڈی یو ) کے دھوکے میں رکھنے کے الزام پر منگل کو کہاکہ یہ ضروری نہیں ہے کہ بہار میں ہم ساتھ ہیں تو اتر پردیش یا پھر دیگر ریاستوں میں بھی ہمارا اتحاد ہو۔ ہر جماعت سے ہر ریاست میں اتحاد ہو ، یہ پہلے کبھی ہوا ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا ہوگا۔ جہاں جیسی ضرورت ہے ، اسی بنیاد پر ریاستی قیادت فیصلے کرتی ہے ۔