Inquilab Logo Happiest Places to Work

فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ کے باہر بجرنگ دَل کارکنوں کا ہنگامہ

Updated: November 08, 2020, 7:47 AM IST | Agency | Jammu

احتجاج میں شیو سینا کے کارکنان بھی شامل تھے، فاروق عبداللہ کے ساتھ ساتھ محبوبہ مفتی کیخلاف بھی جم کر نعرے بازی کی

Farooque Abdullah - Pic : PTI
فاروق عبد اللہ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

دائیں بازو کی جماعتوں  بجرنگ دل اور شیو سینا  نے یہاں بٹھنڈی میں واقع نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ کے باہر زبردست احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی ۔  اس دوران فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر  عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے ارکین کی مختلف وفود کے ساتھ میٹنگ ہو رہی تھی۔ احتجاجی، عوامی اتحاد اور اس کے اراکین خاص کر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے تاہم موصوف صدر کی رہائش گاہ کے باہر سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔
 اس موقع پر بجرنگ دل کے جموں کشمیر یونٹ کے صدر راکیش بجرنگی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ گپکار ایجنڈا پاکستان یا چین کا ایجنڈا ہے اس کو جموں کی سر زمین پر پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ `گپکار ایجنڈے کو جموں میں پنپنے نہیں دیا جائے گا، یہ ایجنڈا پاکستان کا ہے یا چین کا ہے، یہ لوگ کشمیر میں ملک کے خلاف باتیں کرتے ہیں اور ہم  یہاں ملک کے حق میں بات کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ۳۷۰؍ اب تاریخ کا ایک حصہ بن گئی ہے اس کو اب بچوں کو کتابوں میں ہی پڑھایا جائے گا۔
  بجرنگ دل کے ریاستی صدر نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ `ڈاکٹر فاروق چین کی مدد چاہتے ہیں، پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے کو کہتے ہیں لہٰذا وہ کہاں کے دیش بھگت ہیں ۔ بعض رپورٹس کے مطابق پولیس نے ڈاکٹر فاروق عبدللہ کی رہائش گاہ کی طرف پیش قدمی کرنے والے کئی احتجاجیوں کو حراست میں بھی لیا۔ بتادیں کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر ہفتے کے روز عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے اراکین نے مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کا یہ سلسلہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی بٹھنڈی میں واقع رہائش گاہ پر ہفتے کی صبح گیارہ بجے سے شروع ہوا۔نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ بھی اعلامیہ کے ارکان سےملنے پہنچے۔ علاوہ ازیں سکھ، پنڈت اور گجر و بکروال برادریوں کے وفود نے بھی عوامی اتحاد کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: `نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ اپنی ایک ساتھی انیتا ٹھاکر کے ساتھ آج گپکار اعلامیہ کے اراکین کے ساتھ ملنے آئے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK