EPAPER
Updated: March 31, 2021, 2:17 PM IST | Agency | Mumbai
ملک کا سب سے بڑا بینک چھوٹی اور ہلکی تجارتی گاڑیاں خریدنے والے صارفین کو جدید ٹکنالوجی کے ذریعے آسان شرائط پر خصوصی مالی مدد فراہم کرے گا
تجارتی گاڑیاںبنانے والی نمایاں کمپنی ٹاٹا موٹرز نے ملک کے ممتاز پبلک سیکٹر بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے ساتھ۳؍ سال پر مبنی معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ ا س کے تحت’ ایس بی آئی‘ ٹاٹا موٹرز کی چھوٹی اور ہلکی تجارتی گاڑیوں کو خرید نے والے صارفین کو خصوصی مالی مدد فراہم کرے گا۔اس شراکت داری کے ذریعے قرض کی منظوری کے عمل میں یکسانیت ، شفافیت اور کم وقت طلب امور کو یقینی بنانے کے لئے ایس بی آئی کی کانٹیکٹ لیس لون پلیٹ فارم ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
اس موقع پرٹاٹا موٹرس کے کمرشیل وہیکلز بزنس یونٹ کے صدر گیریش واگھ نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کو منافع بخش پیشکش کرنے کے اپنے عزم پر آگے بڑھنے کیلئے ملک کے سب سے بڑے بینک کے ساتھ آنےپر مسرور ہیں۔ دور دراز کے علاقوں سمیت ۲۲؍ ہزار سے زیادہ شاخوں کے ساتھ ایس بی آئی کے پاس پورے ملک میں وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔ اس شراکت کے ذریعے ہم خاص طور پر دیہی علاقوں میں اپنی رسائی کو مستحکم کرنے کی امید کرتے ہیں۔ اس کی مدد سے ہم اپنے صارفین کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ خصوصی اور جدید طریقے کار سےمالی مدد بھی فراہم کرسکیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے تعاون کے ذریعے ہم اپنی مشترکہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے اور پوری لگن و جوش و خروش کے ساتھ اپنے صارفین کی خدمت کے جذبے کے عزم پر گامزن رہیں گے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر ریٹیل اینڈ ڈیجیٹل بینکنگ سی ایس سیٹھی نے اس معاہدے پرکہا کہ ہم پورے ملک میں صارفین اور ڈیلروں کو کچھ انوکھی مالی خدمات فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔ ہماری جدید کانٹیک لیس پلیٹ فارم ٹکنالوجی کے ذریعے ہم امید کرتے ہیں کہ صارفین کے بینکاری کے تجربے میں مزید بہتری آئے گی اور ڈیلروں کو بھی فوائد مل سکیں گے۔ اس کے ذریعے ہم آسان قسطوں میں لون کی واپسی کیلئے کم شرح پر مبنی ا ی ایم آئی اور پیچیدہ دستاویزات پر مبنی طریقہ کار کےبجائے آسان سہولیات دیں گے۔