Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کومنشیات سے پاک کرنے کیلئے اسمبلی میں ابوعاصم اعظمی کا ہنگامہ

Updated: March 05, 2020, 1:17 PM IST | Iqbal Ansari | Vidhan Bhavan

ایک مہینے میں ممبئی کونشہ سےپاک کیجئے یا مجھے یہ کام کرنے کی اجازت دیجئے اگر اسے بند نہیں کیا تو دوبارہ ہاؤس میں نہیں آؤں گا، اسپیکرنانا پٹولے نے وزیر داخلہ کو کارروائی کرنےکی ہدایت دی

ابو عاصم اعظمی ۔ تصویر : ٹویٹر ابو عاصم اعظمی
ابو عاصم اعظمی ۔ تصویر : ٹویٹر ابو عاصم اعظمی

ودھان بھون : ریاستی اسمبلی میں جاری حکومت کے بجٹ اجلاس کے دوران بدھ کوابو عاصم اعظمی نے’اوچیت کے  مدعے 
( پوائنٹ آف پراپرائٹی ) کے تحت ممبئی خصوصاً گوونڈی شیواجی نگر میں دھڑلے سے جاری منشیات فروخت /سپلائی ہونے کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نےبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد مرتبہ اس مسئلے کو اٹھانے اور پولیس افسران کو رشوت لیتےہوئے ویڈیو ریکارڈنگ دینے کےباوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور اسی لئے بار بار انہیں یہ مسئلہ پیش کرناپڑتا ہے۔ اس مسئلہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسپیکرنانا پٹولے نے وزیر داخلہ کو کارروائی کرنے  کی ہدایت دی۔
 اس سلسلے میں جب ابو عاصم اعظمی نے اسمبلی میں نشہ کا معاملہ اٹھایاتو اسپیکر  نانا پٹولے نے کہاکہ ’’یہ معاملہ آپ ہاؤس میں کئی بار اٹھا چکے ہیں۔‘‘ اس پر ابو عاصم نےکہا کہ’’ متعدد مرتبہ معاملہ اٹھانے اور پولیس اہلکارکو رشوت لیتےہوئے ویڈیو بھیجنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو مَیں کیا کروں؟‘‘
 ابو عاصم  اعظمی نے کہا کہ ’’ گزشتہ حکومت کے وزیر داخلہ نے اسی ہاؤس میں کہا تھا کہ ہر پولیس اسٹیشن میں اسپیشل اسکاڈ بنا کر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔مَیں نے پولیس اہلکاروں کو منشیات فروشوں کے متعدد نام بھی دیئے تھے لیکن وہ چھوٹ  گئے اور  دعویٰ کیا کہ وکھرولی کے ایک ہوٹل میں افسر کو رقم دے کر وہ چھوٹ گئے اور رکن اسمبلی نے میرا کیا کر لیا ؟مَیں نے جو لیٹر پولیس کو دیا تھا اسی لیٹر کو پولیس اہلکاروں نے نشہ فروشوں کو دکھا یا کہ رکن اسمبلی نے کارروائی کرنے کا لیٹر دیا ہے۔‘‘
  ابو عاصم اعظمی نے کہاکہ ’’ ایک مہینے میں ممبئی کونشہ سےپاک کیجئے یا مجھے یہ کام کرنے کی اجازت دیجئے اگر اسے بند نہیں کیا تو دوبارہ ہاؤس میں نہیں آؤں گا۔ ایک رکن اسمبلی نشہ کی فروخت کو بندکرنے کی طاقت رکھتا ہے لیکن حکومت نہیں رکھتی؟ ‘‘ اسمبلی میں ابو عاصم نے کہا کہ ’’ جن پولیس اہلکاروں نے رشوت لی ہے انہیں بلایئے۔مَیں نے اے سی پی ، ڈی سی پی اور کمشنرسے ایک نہیں ۱۰؍ مرتبہ شکایت کی ہے۔ اور اسپیکر خود یہ کہہ رہے ہیں کہ کتنی بار اس معاملہ کو ایوان میں اٹھارہا ہوں۔ مَیں کیا کرو؟گزشتہ الیکشن میں میرے مخالفین نے مجھ پرالزام لگایا کہ ایم ایل اے نشہ بند نہیں کروا رہا  ہے۔مجھے امید ہے کہ جو گزشتہ حکومت نے نہیں کیا نئی حکومت اس نشہ کے کاروبار کو ضرور بند کروائے گی۔ نشہ بند کروا دیجئے۔‘‘
  اس ضمن میں وزیرداخلہ انل دیشمکھ نے اجلاس میں کہا کہ ’’ یہ مجھے کچھ برس قبل کی شکایت لگتی ہے۔اس کام میں ہم ضرور آپ( ابو عاصم اعظمی)  کی مدد لیں گے۔‘‘اس معاملے پر اسپیکر نے وزیر داخلہ کو  ہدایت دی کہ ’’ ابو عاصم اعظمی نے ۳؍ تا ۴؍ مرتبہ یہ معاملہ اٹھایا ہے اس لئے متعلقہ افسر کو اپنے کیبن میں بلا کر  ان کی شکایت دور کی جائے اور ان کی شکایت جائز ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK