EPAPER
Updated: August 05, 2021, 1:21 PM IST | Agency | Tokyo
سیمی فائنل میں پہنچ کرتاریخ رقم کرنے والی خواتین ٹیم کو ارجنٹائنا نے قریبی مقابلےمیں ۱۔۲؍ سے شکست دےدی۔ گُرجیت کور نے ایک گول کیا
ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم ارجنٹائنا کے خلاف برتری حاصل کرنے کے باوجود ٹوکیواولمپک کے ہاکی کے سیمی فائنل میں بدھ کو ۱۔۲؍گول سے ہارگئی اوراب وہ کانسے کے لئے برطانیہ عظمیٰ کی ٹیم سے کھیلے گی۔ ہندوستان نے میچ کے آغاز میں گرجیت کورکے پنالٹی کارنر پر کئے گئے گول سے برتری قائم کی جبکہ ارجنٹائنانے مقابلے میں لوٹتے ہوئے ۲؍گول کرکے ہندوستانی ٹیم کافائنل میں پہنچنے کاخواب توڑدیا۔خیال رہےکہ ہندوستانی مردوں کی ٹیم کو بھی سیمی فائنل میں بلجیم کے ہاتھوں۲۔۵؍ سے شکست کاسامنا کرناپڑا تھا۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم یقینی طور پر ہار گئی ہے لیکن ٹیم کو اب بھی تمغہ جیتنے کی امید ہے۔ اولمپکس کی تاریخ میں پہلی بار ہندوستانی خواتین ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ میچ میں گرجیت کور نے دوسرے منٹ میں ہندوستان کو برتری دلائی تھی لیکن کپتان نول بیریانویو نے ارجنٹائنا کے لیے ۱۸؍ ویں اور۳۶؍ ویں منٹ میں گول کیا۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے اچھا مقابلہ کیا اور ارجنٹائنا کو برابر کی ٹکر دی۔ خیال رہے کہ ہندوستانی خواتین ٹیم ۶؍اگست کو کانسہ کے تمغے کا میچ کھیلے گی۔ ہندوستانی ٹیم اب تیسرے مقام اور کانسہ کے تمغے کے لیے برطانیہ کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے برطانیہ کو ایک کے مقابلے ۵؍گول کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ ایسی صورتحال میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا ہندوستانی خواتین برطانیہ کے ساتھ میچ جیت کر تمغہ جیتنے کا اپنا خواب پورا کرسکیں گی۔اگر ایسا ہوتاہے تو خواتین ہاکی ٹیم کیلئے یہ تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم نے ا س سے پہلے کبھی بھی اولمپک میں تمغہ نہیں جیتا ہے۔ ممکن ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی اس کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیں۔
پہلے کوارٹر میں انڈین ویمن ٹیم نے زبردست کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم پر مکمل غلبہ حاصل کیا۔ ہندوستان کی گرجیت کور نے دوسرے منٹ میں گول کر کے ہندوستان کیلئے اچھا آغاز کیا لیکن میچ کے دوسرے کوارٹر میں ارجنٹائنا کی ٹیم مقابلے میں لوٹ آئی اور اس نے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔ ارجنٹائنا نے ۱۸؍ ویں منٹ میں گول کرکے میچ برابرکردیا۔ ارجنٹائنا کی کپتان ماریا نول بیریا نویو نے اسکور کو برابر کیا۔اس کے بعد تیسرے کوارٹر میں۳۶؍ویں منٹ میں ارجنٹائنا کا گول ماریا نول بیریانویو نے کیا اور اپنی ٹیم کودُگنی برتری دلائی۔ تیسرے کوارٹر میں پیچھے رہنے کے بعد ہندوستانی ٹیم دباؤ میں آگئی۔ چوتھے کوارٹر میں ہندوستان اور ارجنٹائنا کی جانب سے کوئی گول نہ ہوسکا ، تاہم میچ آخری لمحات تک سخت تھا۔ میچ کے دوسرے ، تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں ہندوستان کی جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا ، جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم اس اہم میچ میں ہار گئی۔ اگرچہ ہندوستانی خواتین کی ٹیم ہار گئی ، لیکن سیمی فائنل میں آکر اس ٹیم نے اپنے آپ میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے اور اس کا نام سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا۔ اب۶؍ اگست کو کانسہ کے تمغے کا تاریخی مقابلہ ہوگا۔