EPAPER
Updated: August 02, 2021, 1:41 PM IST | Agency | Tokyo
چینی کھلاڑی کو ۲؍گیمز میں شکست دے کر ٹوکیو اولمپک میں کانسہ کا تمغہ جیت لیا
عالمی چمپئن پی وی سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتوارکو چین کی ہی بنگ جیاؤ کو۱۵۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍سے شکست دے کر بیڈمنٹن سنگلز مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیت لیا اور اس کے ساتھ ہی سندھو نے ہندوستان کو ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں تیسرا تمغہ دلایا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے مسلسل ۲؍اولمپک میں تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون اولمپین ہونے کی تاریخ بھی رقم کردی۔ پی وی سندھو اس کے ساتھ ہی اولمپکس میں مسلسل ۲؍تمغے جیتنے والی ملک کی دوسری کھلاڑی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ پہلوان سشیل کمار نے حاصل کیا تھا جنہوں نے ۲۰۰۸ء بیجنگ اولمپکس میں کانسہ اور۲۰۱۲ء لندن اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ سندھو نے۲۰۱۶ء ریواولمپک میں چاندی کا تمغہ اور ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ہندوستان اپنے اس تیسرے تمغے کے ساتھ ریو اولمپک میں جیتے دو تمغوں سے آگے نکل گیا ہے۔ جیسے ہی سندھو نے کانسے کا تمغہ جیتا ، ہندوستان کے واحد اولمپک انفرادی طلائی تمغہ جیتنے والے نشانہ باز ابھینو بندرا نے سندھو کوجیت کے لئے ٹویٹر پر مبارکبادد ی۔ سندھو کو گزشتہ ریو اولمپکس کے فائنل میں اسپین کی کیرولین مارین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس بار بھی وہ سیمی فائنل میں چینی تائی پے کی تائی زو ینگ سے ہار گئیں لیکن انہوں نے کانسے کے تمغے کے لیے لگاتار گیمزمیں چین کے بنگ کو شکست دی۔