Inquilab Logo Happiest Places to Work

موجودہ عالمی کپ میں ٹیم انڈیاکی پہلی فتح،افغانستان کو ہرایا

Updated: November 05, 2021, 1:06 PM IST | Agency | Abu Dhabi

افتتاحی بلے باز روہت شرما اور کے ایل راہل کی ہاف سنچریاں،محمد سمیع نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں،افغانستان کو ۶۶؍رنوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھا

Rohit Sharma and KL Rahul slammed the Afghan bowlers..Picture:PTI
روہت شرما(دائیں) اور کے ایل راہل نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۴۰؍رنوں کی پارٹنرشپ کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار آغاز دیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

افتتاحی بلے باز روہت شرما (۷۴) اور کے ایل راہل (۶۹) کی شاندار نصف سنچریوں اور ان کے درمیان ۱۴۰؍ رنوں کی ابتدائی شراکت اور شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے افغانستان کے خلاف آئی سی سی ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ ۔۲؍ کے کرو یا مرو کے مقابلے میں ۶۶؍رنوں  سے جیت حاصل کر کے اپنی امیدوں کو  برقرار رکھا۔ ٹیم انڈیا نے  بلے بازی کی دعوت ملنے پر ۲؍  وکٹ پر ۲۱۰؍رنوںکا بڑا  اسکور بنایا اور افغانستان کو ۷؍ وکٹوں پر ۱۴۴؍ رنوں تک محدود کر کے ۳؍ میچوں میں پہلی جیت درج  کی جبکہ افغانستان کو ۴؍ میچوں میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔  افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ روہت اور راہل نے  جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے افغان گیند بازوں کو کوئی موقع نہیں دیا۔ روہت نے ۴۷؍گیندوں پر۷۴؍رنوں کی اپنی اننگز میں۸؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے جبکہ کے ایل راہل نے ۴۸؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۶۹؍رنوںمیں ۶؍ چوکے اور ۲؍ چھکے  لگائے   اور  ابتدائی شراکت میں ۱۴ء۴؍اووروں میں ۱۴۰؍ رن جوڑے۔ روہت کا وکٹ ۱۴۰؍پر اور راہل کا وکٹ ۱۴۷؍ کے اسکور پر گرا۔
 اس کے بعد میدان میں اترے رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا نے بھی تیزی سے رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور ہندوستان کو اس ٹورنامنٹ میں ۲۰۰؍رن بنانے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز دلایا۔ پنت نے۱۳؍گیندوں پر ناقابل شکست ۲۷؍رنوں میں ایک چوکا اور ۳؍ چھکے لگائے جبکہ پانڈیا نے ۱۳؍ گیندوں پر ناقابل شکست ۳۵؍ رنوں میں ۴؍چوکے اور ۲؍چھکے لگائے۔ پنت اور پانڈیا نے تیسرےوکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں ۶۳؍رن جوڑے۔روہت شرما  کو ان کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 
 ہندوستان کے گیند بازوں نے اپنے بڑے اسکور کی بنیاد پر افغانستان کے بلے بازوں پر دباؤ ڈالا اور انہیں غلطیوں پر مجبور کیا۔ تیز گیندباز محمد  سمیع نے ۴؍ اوور میں۳۲؍رن دے کر ۳؍ جبکہ آف اسپنر روی چندرن اشون نے ۴؍ سال بعد وہائٹ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے ۴؍ اوور میں صرف ۱۴؍رن دے کر ۲؍وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے تیسرے اوور کی آخری گیند پر اوپنر محمد شہزاد کو کھو دیا۔ شہزاد کا کھاتہ  بھی نہیں کھل سکا۔ محمد سمیع نے شہزاد کو روی چندرن اشون کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ دوسرے اوپنر حضرت اللہ زازئی نے ۱۵؍گیندوں پر  ۱۳؍رن بنائے اور ٹیم کے مجموعی اسکور ۲۲؍رن پر آؤٹ ہوئے۔ رحمت اللہ گرباز ۱۰؍گیندوں پر ایک چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۹؍رن بنانے کے بعد لیفٹ آرم اسپنر رویندرجڈیجہ  کا شکار بن گئے۔کپتان محمد نبی نے ۳۲؍گیندوں پر ۳۵؍ اور کریم جنت نے ۲۲؍گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۴۲؍ رن بنائے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK