EPAPER
Updated: March 19, 2021, 12:20 PM IST | Agency | Berlin
پری کوارٹر فائنل کے دوسرے لیگ کے مقابلوں میں لازیو اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی شکست
بائرن میونخ اور چیلسی نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر چمپئن لیگ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کر لی ہے۔بائرن میونخ نے لازیو کو دوسرے لیگ کے مقابلے میں ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دیتے ہوئے مجموعی طور پر ۲۔۶؍کی برتری کے ساتھ ریکارڈ ۱۹؍ویں بار ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ دفاعی فاتح بائرن میونخ کے رابرٹ لیواندوسکی نے پنالٹی ایریا کے قریب سے کھیل کے ۳۳؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی تھی۔پہلے ہاف کے اختتام تک بائرن ایک صفر سے آگے رہی۔دوسرے ہاف میں بائرن میونخ کی جانب سے ایرک میکمی موٹنگ نے کھیل کے ۷۳؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے ٹیم کی برتری کو دو صفر کر دیا۔اس گول کے ۹؍منٹ بعد لازیو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مارکو پارولو نے ۸۲؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اسکور ایک۔۲؍ کر دیا۔ لازیو نے کھیل ختم ہونے تک اسکور برابر کرنے کی کوشش ضرور کی لیکن اسے ناکامی ہاتھ لگی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی درمیان ایک دیگر مقابلے میں چیلسی نے ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو دوسرے لیگ کے مقابلے میں دو صفر سے شکست دے دی۔اس طرح چیلسی نے مجموعی طور پر تین صفر کی برتری کے ساتھ چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔واضح رہے کہ چیلسی نے پہلے لیگ کا مقابلہ ایک صفر سے جیتا تھا۔ چیلسی کےلئے حکیم جیچ نے ۳۴؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر سے آگے کردیا اور مخالف ٹیم کو پہلے ہاف میں برابری کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ دوسرے ہاف میں بھی چیلسی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا اور مخالف ٹیم ایٹلیٹیکو میڈرڈ پر دباؤ ڈالے رکھا۔چیلسی کی جانب سے انجری ٹائم میں ایمرسن پالمیری نے گول کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور دوصفر کردیا جو آخر تک برقرار رہا۔بائرن میونخ اور چیلسی کے علاوہ لیورپول،مانچسٹرسٹی،، ریئل میڈرڈ بوروشیا ڈورٹمنڈ ،پی ایس جی اور پورتو کوارٹر فائنل میں جگہ محفوظ کر چکے ہیں۔