EPAPER
Updated: January 21, 2022, 8:45 AM IST | kolkata
کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سفیان نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی، سی بی آئی بھی گرفتار نہیں کر سکے گی
:مغربی بنگال کے انتخابات میں تشدد کے معاملے میں نندی گرام میں ترنمول کانگریس کے لیڈر اور ممتا بنرجی کے معتمد خاص شیخ سفیان کی گرفتاری پر سپریم کورٹ نے پیشگی روک لگادی ہے۔کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سفیان نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔
جمعرات کو جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گوائی کی بینچ نے عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ترنمول لیڈر شیخ سفیان کی گرفتاری پر عارضی روک لگادی۔سی بی آئی بھی شیخ سفیان کو اب گرفتار نہیں کر سکے گی۔ کیس کی اگلی سماعت۳۱؍ جنوری کو ہوگی۔ اس وقت تک انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے نندی گرام تشدد کیس میں ترنمول لیڈر اور نندی گرام کی امیدوار ممتا بنرجی کے انتخابی ایجنٹ شیخ سفیان کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔اس کے بعد شیخ سفیان نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سی بی آئی نے ترنمول لیڈر سفیان کے خلاف بی جے پی کارکن کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ سفیان پر بی جے پی کارکن دیببرتا میتی کے قتل کا الزام ہے۔ نندی گرام بلاک ایک کے رہنے والے دیببرتا میتی پر۲؍مئی کو انتخابی نتائج آنے کے اگلےدن حملہ کیا گیا تھا۔انہیں زخمی حالت میں نندی گرام سپر اسپیشلٹی، تملک ڈسٹرکٹ اسپتال اور بعد میں کلکتہ کےایس ایس کے ایم میںداخل کرایا گیا مگر ۱۳؍ مئی کو ان کی موت ہوگئی۔سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہاکہ سفیان کے خلاف جانچ ایجنسی کے پاس ثبوت ہیں جبکہ سفیان کی طرف سے سینئر وکیل کپل سبل پیش ہوئے اورانہیںعبوری تحفظ دیا گیا۔