EPAPER
Updated: November 18, 2021, 8:08 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
باندرہ مشرق کے نرمل نگر پولیس اسٹیشن میںٹرسٹیانِ مساجد،سماجی خدمتگاروں اورمحلہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ اعلیٰ افسران کی میٹنگ ۔ بند کےدوران ۳؍ شہروں کےحالات کے حوالے سے الرٹ رہنے کو کہا گیا
شہر میں امن وامان قائم رکھنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ٹرسٹیان مساجد، سماجی خدمت گاروں اورمحلہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ نرمل نگر پولیس اسٹیشن میںاعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ میٹنگ ہوئی ۔ اس میٹنگ میں ۱۲؍نومبر کے بند کے دوران تین شہروں کےحالات کے حوالے سے الرٹ رہنے کو کہا گیا تاکہ ممبئی میںامن عامہ کوکسی قسم کانقصان نہ پہنچنے پائے۔
نرمل نگرپولیس اسٹیشن کے احاطے میںمنگل کی شب میں منعقدہ میٹنگ میںڈی سی پی زون ۸؍ ڈاکٹرسوامی،اے سی پی اوہاڑ اور سینئر انسپکٹر بھنڈاری کے ہمراہ حاجی عبدالقدیر شیخ (نوپاڑہ گھاس بازار سکریٹری )، ڈاکٹرشیخ (کاپری مسجد ٹرسٹی)، محمد صدیق تاراپور والا(باندرہ پیس کمیٹی صدر)، عبدالرحیم (گولی بار مسجد ٹرسٹی )، عبدالرشید قریشی( سماجی خدمتگار)، بدر بھائی (غریب نگرمسجد ٹرسٹی )، روح الحق عراقی (ہدیٰ مسجد ٹرسٹی)، قتال بھائی ،محمدعارف (بہرام پاڑہ ہری سنّی مسجد ٹرسٹی)وغیرہ موجود تھے۔
میٹنگ میںڈی سی پی ڈاکٹرسوامی نے خاص طور پر امراؤتی کے حالات کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ’’ یہاں موجود تمام لوگ ذمہ دار ہیں،اس لئے یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ شہر کے امن وامان کی فضا کو مستحکم رکھنے کی فکرکریں،سماج دشمن عناصر پرنگاہ رکھیں،جولوگ اشتعال انگیزی کرتے ہیںیا اُکساتے ہیں ، ان سب پرنگاہ رکھی جائے اورسوشل میڈیا پرکوئی ایسی پوسٹ نہ بھیجی جائےجس سے امن کونقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو یا کوئی اس کاغلط مطلب نکال کرماحول خراب کرنے کی کوشش کرے ۔‘‘انہوںنےیہ بھی کہا کہ ’’پولیس کا محکمہ تو اپنی جانب سے کوشش کرہی رہا ہے لیکن جو باتیں یہاں کہی گئی ہیں اسے عام بھی کیاجائے اوراپنے ارد گرد نگاہ بھی رکھی جائے تاکہ کسی شرپسند کوکسی قسم کا موقع نہ مل سکے اوراگرکوئی ایسی اطلاع ملے تو اس کی پولیس کوبھی خبر کریں۔ ‘‘
اس پرتمام ذمہ داران نےیہ یقین دہانی کروائی کہ ان باتوںکا خیال رکھاجائے گااورہم سب کی یہ کوشش ہوگی کہ عروس البلاد میںکہیں بھی کوئی مسئلہ نہ پیداہواورنہ ہی امن وامان میںکوئی خلل ڈال سکے ۔