EPAPER
Updated: January 30, 2022, 10:22 AM IST | Washington
شمال مشرقی ریاستوں میں ۲؍ فٹ تک برف باری اور ۵۰؍ سے ۶۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اندیشہ، شہریوں کوہنگامی صورتحال کے بغیر گھروں سے نہ نکلنے کی تلقین
امریکہ کی شمال مشرقی اور وسطی اٹلانٹک خطے میں شدید برفانی طوفان کے اندیشوں کے پیش نظرانتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہنگامی صورتحال کے بغیر گھروں سے نہ نکلنے کی صلاح دی ہے۔ حکام کے مطابق سنیچر کو (ہندوستانی وقت کے مطابق سنیچراور اتوار کی درمیانی شب) اس خطے میں انتہائی شدید برفانی طوفان کا اندیشہ ہے جس کے دوران ۲؍ فٹ تک برف پڑنے اور ۵۰؍ سے ۶۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ برفانی طوفان کے پیش نظر ۵؍ ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
برفانی طوفان کا آغاز ہوچکا ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی شام سے کیرولینا اور ایپلاچا خطے میں شروع ہونےو الی برف باری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شدت اختیار کرتے ہوئے سنیچر کو نیو انگلینڈ تک کے علاقے کواپنی زد میں لے لےگا۔ اس علاقے میں ۲؍ فٹ تک برف پڑنے اور ۵۰؍ سے ۶۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اندیشہ ہے۔
نیویارک شہر میں بھی ۶؍ انچ تک بر ف باری
مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ نیو یارک سٹی میٹروپولیٹن علاقے سمیت مشرقی ساحل کے کچھ علاقوں میں بھی۶ ؍ انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفانی طوفان کے باعث حدنگاہ ایک چوتھائی میل سے بھی کم ہوسکتی ہے، تیز ہواؤں سے پیدا ہونے والی اونچی لہروں سے ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔ برفانی طوفان کی بنا پر اس خطے میں سنیچر کی رات سے اتوار کی صبح تک موسم انتہائی سرد ہوگا۔برفانی طوفان کےپیش نظر۱۰؍ملین افراد کیلئے ’اسنو وارننگ‘ جاری کردی گئی ہے جبکہ نیویارک اور نیوجرسی کے گورنروں نے برفانی طوفا ن کے باعث ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔ بوسٹن کےمیئرنےبھی اسنو ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
۵؍ ہزار پروازیں منسوخ
برفانی طوفان کی وجہ سے ۵؍ہزارسے زیادہ پروازیں منسوخ کرنے کی اطلاع ویب سائٹ فلائٹ اوئر ڈاٹ کام نے دی ہے۔ویب سائٹ نے بتایا کہ’’سنیچرکیلئے کل ۳؍ہزار ۱۰۹؍ اور اتوار کیلئے ۶۰۰؍ اور اس سے قبل جمعہ کو ایک ہزار ۳۰۰؍ پروازیں امریکہ کے اندر یا باہر منسوخ کر دی گئی ہیں۔‘‘ نیویارک کے جے ایف کنیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ملک کیلئے ۷۰۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جو سب سے زیادہ ہیں۔ نیویارک کے ۲؍ دیگر ہوائی اڈوں لاگارڈیا اور نیوارک نے۵۰۰؍ سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دیں۔ بوسٹن کے لوگن بین الاقوامی ہوائی اڈے نے تقریباً ۶۰۰؍ پروازوں کی منسوخی کی اطلاع دی ہے۔
ورجینیا میں بھی ہنگامی حالات کا نفاذ
ورجینیا جہاں اسی ماہ کے اوائل میں برفانی طوفان آیاتھا اور سیکڑوں موٹر سوار راستوں میں پھنس گئے تھے، کے گورنر نے بھی ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اہلکاروں کو الرٹ کردیاگیا ہے اور ناگہانی صورتحال ، بجلی گل ہونے کے امکانات اور دیگر اندیشوں سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔