EPAPER
Updated: February 04, 2021, 2:49 PM IST | Agency | Mumbai
گزشتہ ۳؍ دنوں میں انڈیکس میں ۳۹۶۹ء۹۸؍ پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، نفٹی بھی۱۴۲؍ پوائنٹس کی بلندی سے۱۴۷۸۹ء۹۵؍ پوائنٹس پر پہنچا
مرکزی بجٹ پیش ہونے کے دن سے شیئر بازارمیں تیزی کا رجحان جاری ہے۔ بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی شیئر بازار ہرے نشان پر بندہوا۔ بی ایس ای کا سینسیکس ۴۵۸؍ پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ ایک بار پھر ۵۰؍ ہزار کے پار پہنچ گیا اور کاروبار کے اختتام پر ۵۰۵۲۶ء۳۹؍ کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔ اسی کے ساتھ نفٹی کے انڈیکس میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہ۱۴۲؍ پوائنٹ کی بلندی سے۱۴۷۸۹ء۹۵؍ پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔ قابلِ غور ہے کہ امسال ۲۹؍ جنوری کو سنسیکس کا انڈیکس ۴۶۲۸۵ء۷۷؍ کی سطح پر بند ہو اتھا۔ اس کے بعد سے گزشتہ ۳؍ دنوں میں انڈیکس میں ۳۹۶۹ء۹۸؍ پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ سال ۴؍ دسمبر کو پہلی بار سینسیکس ۴۵؍ ہزار کے پار پہنچا تھا اس کے بعد محض۶۰؍ دنوں میں ہی انڈیکس ۴۵؍ ہزار سے ۵۰؍ ہزار پوائنٹس کو عبور کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ کاروبار کے دوران بڑی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کی کمپنیوں میں بھی تیزی کا رجحان رہا ۔بی ایس ای کا مڈ کیپ۱ء۳۸؍ فیصد کے اضافے کے ساتھ ۱۹۳۱۴ء۲۴؍ رہا اور اسمال کیپ۱ء۴۷؍ فیصد اضافے کے ساتھ۱۸۹۱۹ء۴۷؍ پر بند ہوا۔بی ایس ای میں مجموعی طور پر۳۱۴۱؍ کمپنیوں میں لین دین ہوا ۔ان میں سے ایک ہزار۷۸۳؍ کمپنیوں کے حصص سبز نشان اور ایک ہزار۲۶۲؍ کمپنیوں کے شیئرزسرخ نشان میں بند ہوئے اورباقی ۱۵۶؍ کمپنیوں کے حصص دن کے اتار چڑھاؤ کے بعد بالآخر جوں کی توں رہے ۔ریلائنس انڈسٹریز، ایچ ڈی ایف سی ، ایس بی آئی کوٹک مہیندرا ،بھارتی ائیر ٹیل کے شیئرز آگے رہے۔