EPAPER
Updated: November 02, 2021, 8:17 AM IST | saadat khan | Mumbai
۳۱؍جنوری۲۰۲۲ء فارم پر کرنے کی آخری تاریخ، حج ہائوس میںمنعقدہ خصوصی میٹنگ میں مختارعباس نقوی نے اعلان کیا،کہا: کووڈکےتناظر میں سعودی عرب کی جو بھی گائیڈ لائنز ہونگی ان پر عمل کرنا ہوگا،ویب سائٹ کے علاوہ موبائل ایپ کے ذریعہ بھی فارم پر کیا جاسکتاہے،غیرمحرم خواتین قرعہ اندازی سے مستثنیٰ
اقلیتی امور کےوزیر مختار عباس نقوی نے پیر کو ممبئی کے حج ہائوس میں حج ۲۰۲۲ءکا اعلان کیا۔ یکم نومبر ۲۰۲۱ء سے ۳۱؍جنوری ۲۰۲۲ء تک حج کیلئے آن لائن فارم پُرکئے جاسکتےہیں۔ حج کی ۱۰۰؍فیصد کارروائی آن لائن ہو گی۔ حاجی ویب سائٹ کے علاوہ حج موبائل ایپ سے بھی فارم پُر کرسکتے ہیں۔ کووڈکی وجہ سے سعودی عرب کی جو بھی گائیڈ لائن ہوگی اسی پر عازمین اورحاجیوںکو عمل کرنا ہوگا۔ اسی کی بنیادپر یہ طے کیاجائے گا کہ حج کیسا ہوگا۔ کتنے لوگ جائیں گےاور کتنا کوٹہ ملے گا۔
اس ضمن میں منعقدہ تقریب میں سعودی عرب کےقونصل جنرل محمد عبدالکریم النازی ،مرکزی وزارت ِاقلیتی امور کی جوائنٹ سیکریٹری نگار فاطمہ ، حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد یعقوب شیخا اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر مختار عباس نقو ی نےکہاکہ ’’ کووڈ کے تناظر میں تمام احتیاطی تدابیرکےساتھ عازمین کیلئے کووڈ کے دونوںٹیکے لگانا ضروری ہے۔ حج ۲۰۲۲ء میں۲۱؍ روانگی کےمقامات کو کم کرکے ۱۰؍ کردیاگیا ہے جن میں ممبئی، کولکاتہ، احمدآباد، حیدرآباد، لکھنؤ ، کوچین ، گوہاٹی اور سری نگر شامل ہیں۔ ہر حاجی کو ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ ’ای مسیحا‘ دیاجائے گا۔ جس کے ذریعے انہیں طبی ّ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اسی طرح قیام اور آمد و رفت سے متعلق معلومات فراہم کرنےکیلئے ’ای لگیج ‘ کی سہولت مہیاکروائی جائےگی ۔ ‘‘
انہوںنےیہ بھی کہاکہ’’۲۰۲۰ءاور ۲۰۲۱ء میں ۳؍ہزار سے زیادہ غیر محرم خواتین نے حج کیلئے درخواست دی تھی۔اگر وہ۲۰۲۲ءمیں حج پر جانا چاہتی ہیں تو ان کی درخواست حج ۲۰۲۲ءکیلئے قانونی ہوگی۔دیگر خواتین بھی اس مخصوص زمرے میں حج کیلئے درخواست دے سکتی ہیں۔ غیر محرم خواتین جو حج پر جاناچاہتی ہیں ان کیلئے قرعہ اندازی نہیں کی جائے گی۔‘‘
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اس بارے میں جاری کئے گئے اعلان کے مطابق حج ۲۰۲۲ء مخصوص حالات میں خاص نظم و ضبط کے ساتھ کیاجائے گا۔کووڈکی وجہ سے سعودی عرب کی جو بھی گائیڈ لائن ہوگی اس پر عازمین کو عمل کرنا ہوگا۔ اسی کی بنیادپر یہ طے کیاجائے گا کہ حج کیسا ہوگا۔ کتنے لوگ جائیں گےاور کتنا کوٹہ ملے گا۔حج ۲۰۲۲ءکیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے یکم نومبر ۲۰۲۱ء تا ۳۱؍جنوری ۲۰۲۲ء تک حج کمیٹی آف انڈیا کی http://hajcommittee.gov.in نامی ویب سائٹپر آن لائن فارم پڑکئے جاسکتےہیں۔ موبائل ایپ ’’HCOI‘‘سے بھی درخواست کی جاسکتی ہے۔ رجسٹریشن فیس بھی آن لائن اداکرنی ہوگی۔ ہر حاجی کیلئےحج ۲۰۲۲ءپر جانے سےایک مہینے قبل کووڈ کے دونوں ٹیکے لگوانالازمی ہے۔حج کی درخواست صرف آن لائن قبول کی جائے گی۔ حج پر جانےوالے اُمیدوار فارم پُر کرنے سے قبل دی گئی گائیڈ لائن توجہ سے پڑھیں۔ عازمین اپنا حج فارم خود پُر کرسکتے ہیں یاحاجی سودھا کیندرسے بھی پُر کرواسکتےہیں۔
حج ۲۰۲۲ءکیلئے کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں مثلاً عمر کی قید ۶۵؍سال کی گئی ہے ۔ ۳۶؍تا ۴۲؍دنوںکا حج ہوگا۔ غیر محرم خواتین کیلئے عمرکی قید ۴۵؍تا ۶۵؍سال ہوگی۔ ۴؍تا۵؍خواتین کا گروپ ہوگا۔ ۲۱؍کے بجائے ۱۰؍روانگی کےمقامات ہوںگےاور۸۱؍ہزارروپے بطور پیشگی جمع کرواناہوگا۔
واضح رہےکہ کووڈکی ہی وجہ سے ابھی تک دنیا کے چند ممالک کو عمرہ کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن ہندوستان پر اب بھی پا بندی برقرار ہے۔