EPAPER
Updated: November 26, 2021, 10:09 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
بغیرمحرم کے حج پرجانےوالی ۱۰۰؍خواتین نے بھی آن لائن درخواست دی،حج سے متعلق نظام کو ڈیجیٹائزکرنے کی کوشش، مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے تفصیلات سے آگاہ کروایا اورایک مرتبہ پھردہرایا کہ سعودی حکومت کی ہدایات اورکورونا پروٹوکول کےپیش نظر حج کی تیاریاں کی جارہی ہیں
پلٹن روڈ : حج ۲۰۲۲ء سے متعلق اب تک غیریقینی حالات ہیں اورسعودی حکومت کی جانب سے کوئی واضح ہدایت یا اشارہ نہیںدیا گیا ہے کہ کیا صورت ہوگی ، کوٹہ کتنا ملے گا ، تخفیف ہوگی یا اضافہ یا پھرمحدود کردیا جائے گا،حتیٰ کہ اب تک عمرہ بھی شروع نہیںہوسکاہے ۔
اس غیریقینی حالات کا اثر حج ۲۰۲۲ء کے خواہشمند عازمین کی جانب سے دی جانےوالی درخواستوں میںبھی صاف دکھائی دے رہا ہے۔ ۲۵؍نومبرتک محض ۲۰؍ہزار سےزائد عازمین نے ہی درخواست دی ہے جبکہ بغیرمحرم کے حج پرجانے کی خواہشمند درخواست دہندہ خواتین کی تعداد صرف ۱۰۰؍ ہے۔حج کےلئے درخواست دینے کا آغازیکم نومبر سے ہوا ہے اور آخری تاریخ ۳۱؍ جنوری ۲۰۲۲ء ہے جبکہ درخواست آن لائن اورحج موبائل ایپ کے ذریعے دی جاسکتی ہے۔ اس کی ٹیگ لائن haj app in your handہے ۔ اس میںدرخواست فارم بھرنے کی مکمل معلومات اور فارم بھرنے کاویڈیو بھی موجود ہے۔اس تعلق سےجمعرات۲۵؍نومبر کے دن مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے حج کمیٹی آف انڈیا کے عملہ سے تبادلۂ خیال کیا اورمیڈیا کے نمائندوں کو بھی تفصیلات سے آگاہ کروایا ۔مختار عباس نقوی نے کہا کہ ’’ حج ۲۰۲۲ء کےلئے عازمین کا انتخاب کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لئے جانے اورہندوستان وسعودی حکومت کے ذریعے حج ۲۰۲۲ء کے لئے اوقات کے تعین ، کورونا پروٹوکول ، ہدایات اوررہنماا صولو ںکو ذہن میںرکھتے ہوئے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوںنے یہ بھی کہاکہ حج کمیٹی آف انڈیا کا انڈیا کاپورٹل ،حج گروپ آرگنائزرس کا پورٹل ، ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ ای مسیحا، صحت کے ضمن میںسہولیات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میںقیام کے لئے عمارت کا انتخاب، ٹرانسپورٹیشن کی معلومات ہندوستان میںہی فراہم کرانے والی ’ای لگیج ٹیگنگ،ای ویزا، جدید سہولیات سے لیس حج موبائل ایپ وغیرہ جیسی دیگر سہولتیں ہندوستانی عازمین حج کو مہیا کروانے کے لئے یقینی بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ حج کا پو را عمل آن لائن اور ڈیجیٹائز ہوگا ۔ اس کے علاوہ بغیرمحرم کے حج پرجانےوالی خواتین کے ذریعے ۲۰۲۱ء میں۳؍ہزار سے زائد درخواست دی گئی تھیں ،اگر ان خواتین کی خواہش ہوگی تو ان کی تمام درخواستیں۲۰۲۲ء کے لئے بغیرقرعہ اندازی کے قبول کرلی جائیںگی۔اسی طرح اس دفعہ بھی ۲۱؍ کے بجائے عازمین حج کی روانگی کے محض ۱۰؍ مراکز ہوںگے۔ان میں ممبئی ، احمدآباد، بنگلورو، کوچی ، دہلی ، گوہاٹی ، حیدرآباد، کولکاتہ ، لکھنؤ اور سری نگر شامل ہیں۔ یہ باتیں مختار عباس نقوی دو سے زائدمرتبہ پہلے دہرا چکے ہیں، جمعرات کو انہوںنے ایک مرتبہ پھر ان ہی تفصیلات کا اعادہ کیا ۔