EPAPER
Updated: December 29, 2021, 11:01 AM IST | Inquilab News Network | Patna
تعلیم اور سیاحت پر خاص توجہ دی گئی ۔مختلف یونیورسٹیاں اب ریاست کے۲۳؍ سب ڈویژنل ڈگری کالج چلائیں گی۔ ٹاٹا کی مدد سے آئی ٹی آئی کی تصویر بدلنے کا فیصلہ ، مقابلہ جاتی امتحان کے اہلکارو ں کی فیس بڑھائی جائے گی، ریاست میں ایکو ٹورزم ڈویژن قائم کیا جائے گا،بہار میونسپل ایکٹ میں ترمیم کرکے۳؍نئے بلدیاتی اداروں کی تشکیل کو بھی منظوری دی گئی
یہاںوزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ۲۰۲۱ء کی آخری کابینہ میٹنگ منگل کو منعقد ہوئی۔ اس دوران کل۱۵؍ ایجنڈوں کو منظوری دی گئی۔ اس میں چیف سیکریٹری تری پراری شرن کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بھی ایک ایجنڈہ شامل ہے۔ کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ بہار کو نئے سال میں نیا چیف سیکریٹری ملے گا کیونکہ موجودہ چیف سیکریٹری کی مدت میں توسیع کو منظوری نہیں دی گئی ہے۔ تریپوراری شرن۳۱؍ دسمبر کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔ اس سے پہلے ان کی ملازمت کی مدت میں دو مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے۔ کابینہ کی میٹنگ میں جن دوسرے اہم ایجنڈوں کو منظوری دی گئی ہے، ان میں محکمۂ ماحولیات، جنگلات اور تبدیلیٔ آب وہوا کی راجگیرنیچر سفاری کے مستقل اورمنظم انتظام کی خاطر مختلف زمروں میں کل۳۸؍ عہدوںکی توضیع اورالگ الگ نوعیت کی ۳۵؍گاڑیوں کی خریداری کی تجویز شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ کے ذریعہ ماحولیاتی سیاحت کی ترقی کیلئے ایکو ٹورازم ڈویژن کے قیام اور اس ڈویژن کے لئے مختلف زمروں کے کل۲۲۴؍ عہدوںکی توضیع کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ محکمہ نے راجگیر زو سفاری کے مستقل دیکھ ریکھ کیلئے مختلف زمروں کی کل۲۹؍ اضافی آسامیاں توضیع کرنے کی منظوری دی ہے۔ مختلف یونیورسٹیاں اب ریاست کے۲۳؍ سب ڈویژنل ڈگری کالج چلائیں گی۔ منگل کو وزیر اعلی نتیش کمار کی صدارت میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کی میٹنگ کے بعد کابینہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سنجے کمار نے کہا کہ کئی سب ڈویژنوں میں ڈگری کالج پہلے ہی چل رہے ہیں۔ کچھ میں نئے کالج بن رہے ہیں۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جو ڈگری کالج پہلے سے چل رہے ہیں اور نئے بننے والے ہیں وہ اضلاع کی یونیورسٹیوں کے تحت ہوں گے اور یونیورسٹیاں انہیں چلائیں گی۔ یونیورسٹیاں ان کو ایک لازمی اکائی کے طور پر تسلیم کریں گی۔ محکمۂ تعلیم کے تحت ریاستی حکومت کے ذریعہ قائم کردہ اورچلائے جارہے سرکاری کالجوں کے تعلیمی و اساسی انتظامات متعلقہ یونیورسٹیوں کو منتقل کرتے ہوئے ایسے کالجوں کو ان یونیورسٹیوں کا اساسی حصہ ماننے کی سفارش منظور کی گئی۔
ٹاٹا کی مدد سے آئی ٹی آئی کی تصویر بدلے گی
ریاست کےسبھی آئی ٹی آئی کو ٹاٹا ٹکنالوجی کی مدد سے اعلی معیار کا مرکز (سینٹر آف ایکسلینس) بنائے جانے کی تجویز ہے۔ اس کیلئے مشینوںاور دوسرے آلات کی خریداری اوران کی تنصیب پر ۴۶۰۶؍ کروڑ ۹۷؍ لاکھ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اس میں سے ٹاٹا ٹکنالوجی ۸۸؍ فیصد خرچ اٹھائے گی جبکہ ۱۲؍ فیصد رقم یعنی ۵۵۲؍کروڑ ۸۴؍ لاکھ روپے حکومت بہار ادا کرے گی۔ کابینہ کی میٹنگ میں بہار اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے چیف انجینئر سنجے کمار کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بہار میونسپل ایکٹ میں ترمیم کرکے۳؍نئے بلدیاتی اداروں کی تشکیل کو بھی منظوری دی گئی۔
محکمۂ شہری ترقیات و رہائش
بہار میونسپل کارپوریشن (ترمیم ) قانون ۲۰۲۰ء کے تحت ۳؍ نئے میونسپل اکائیوں کی تشکیل، ۷؍ میونسپل اکائیوں کے اپ گریڈیشن ، ۲؍ اکائیوں کے رقبہ میں توسیع اور۷؍ کے میونسپل اکائیوں کے رقبے ؍ نام میں ترمیم کو منظوری دی گئی ۔
ایکو ٹورزم ڈویژن کا قیام
اسی دوران کابینہ نے دربھنگہ کے معطل میڈیکل انسپکٹر اودھیش کمار سنگھ کو برطرف کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ نے ایکو ٹورازم ڈویژن کے قیام اور ایکو ٹورازم کو فروغ دینے کیلئے۲۲؍ اسامیوں کی توضیع کی منظوری دی ہے۔
اہلکاروں کی ادائیگی کی شرح پر نظر ثانی
کابینہ نے بہار پبلک سروس کمیشن، اسٹاف سلیکشن کمیشن، ٹیکنیکل سروس کمیشن، یونیورسٹی سروس کمیشن اوردیگر امتحانات کیلئے اسکروٹنی کاکام کرنےوالے اہلکاروں کی ادائیگی کی شرح پر نظر ثانی کی ہے۔ بی پی ایس سی کے اہلکاروں کو فی جوابی پرچہ۳؍ روپے دیئے جائیں گے جبکہ اسٹاف سلیکشن کمیشن اور ٹیکنیکل سروس کمیشن میں اسکروٹنی کا کام کرنے والے ملازمین کا معاوضہ۲ء۷۰؍ پیسے فی جوابی کتاب دیا جائے گا۔
کابینہ نے ایکٹ کے تحت اسٹامپ ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ حد۲۰؍ ہزار اور رجسٹریشن فیس ایک فیصد کی جگہ ۵؍ ہزار اور دیگر دستاویزات (مزید چارج) پر ۲؍ فیصد رجسٹریشن فیس مقرر کی ہے۔ اس کے ساتھ جی ایس ٹی وصول کرنے کی نگرانی کیلئے ٹیکس ماہرین کی ملازمت کے حالات میں بھی ترمیم کو منظوری دی گئی ہے۔