EPAPER
Updated: September 09, 2021, 8:30 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
بھانڈوپ میں گیس ایجنسی کے باہر احتجاجی مظاہرہ۔ایچ پی اوربھارت گیس ایجنسی کے منیجروں کومیمورنڈم دیا گیا ۔مظاہرین نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ۔۵؍ افراد کے خلاف کیس درج
رسوئی گیس ، پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میںآگ لگی ہوئی ہے ، لاک ڈاؤن سے ڈیڑھ سال سے زائد وقت سے پریشان عام آدمی کی کمر ٹوٹ گئی ہے اس کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ترین مسئلہ ہے لیکن حکومت اس سے بے پروا محض خوش نما اعلان اور دعوؤں میںمگن ہے ۔ اسی کےخلاف کمیونسٹ پارٹی کی مختلف تنظیموں اے آئی ڈی ڈبلیو اے ، ڈی وائی ایف آئی ، سیٹو اورجن وادی اکھل بھارتیہ مہیلا سنگھٹنا کی جانب سے بھانڈوپ میںگیس ایجنسی کے دفاتر کےباہربدھ کو احتجاج کیا گیا جس میںخواتین کی تعداد زیادہ تھی۔ اس احتجاج کے سلسلے میںمقامی پولیس کی جانب سے منتظمین کو کورونا کی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے احتجاج سےمنع کیاگیاتھا لیکن وہ اپنے ارادے پراٹل رہیں اورپولیس کے روکنے کے باوجود حکومت کے خلاف اپنی آوازبلند کی ۔ اس سے قطع نظر کہ احتجاج میںپیش پیش رہنے والی سگندھی فرنانڈیس ،سروجہ سوامی، سنگیتا رانا ڈے ، کُسم سورڈکر اورودیا سورڈکر کے خلاف مہاماری ایکٹ ۱۸۸؍ کے تحت کیس بھی درج کیا گیا لیکن ذاتی مچلکہ پرانہیںچھوڑ دیا گیا البتہ جمعرات (آج )کو انہیں عدالت میںحاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
احتجاج میں شامل سگندھی فرنانڈیس نے حکومت پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کسی بھی شخص کی غلط بیانی کی حد ہوتی ہےلیکن کچھ لوگ اس میںمہارت رکھتے ہیں۔ مودی جی نے اقتدار سنبھالنے سے پہلے کیسے کیسے خواب دکھائے تھے،مہنگائی کم کرنے اورغریبوں کوسہولت دینے کا لمبا چوڑا وعدہ کیا تھا لیکن آج حالت یہ ہے کہ لوگ۹۱۰؍روپے میں گیس سلنڈر خرید رہے ہیں۔ یہ قیمت احتجاج میں شامل میں ایک بہن نے بتائی ہے ۔ کیا اس سےبڑا ظلم عوام پر اور ہوسکتا ہے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی کہا کہ ’’ کچے تیل کے دام عالمی مارکیٹ میںکم ہیں،اس کے باوجود یہ حال ہے ۔ ‘ ‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’ یہ حکومت کیا دے گی ،یہ تو غریبو ں سے اس کے جینے کا ادھیکاربھی چھین رہی ہے ۔کورونا میںجب عام آدمی بے حال ہے،یہ حکومت غریبوں کی سبسیڈی بھی کھائی گئی ہے۔اس لئے اب لوگوں کواٹھ کھڑا ہونا ہوگا ،یہی مسائل کا حل ہے ۔‘‘ ارمائتی ایرانی نےحکومت پرطنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ گیس سلنڈر کو ہم لوگوں نے اسی لئے پھول پہنایا کہ اس نے کمال کا’رتبہ‘ حاصل کرلیا ہے۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہا کہ ’’ یہ حکومت چن چن کر عام آدمی کے حقوق چھین رہی ہے اوراس کے اقدا مات سے تو ایسا لگتا ہے کہ اس نے غریبوںکوہی ختم کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے ۔ اس سےبڑا ظلم عام آدمی پراورکیا ہوسکتاہے کہ جب بھوک اورپیاس مٹانے کیلئے اسے مدد کی ضرورت ہو،یہ حکومت اس کی جیب خالی کرنے میں مصروف ہے۔‘‘کامریڈ سعید احمدنے کہا کہ ’’ مہنگائی اوربے روزگاری سے عام آدمی کا جینا محال ہے ۔ چند سال قبل سے اس وقت اگرسلنڈر کی قیمت کا موازنہ کیا جائے تو دوگنا سے بھی زائد قیمت اس وقت ہے اس کےباوجود حکومت کوکوئی پروا نہیں۔اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے ادھیکارو ں کیلئے بیدار ہوجائیں اورحکومت کو اپنی بیداری کا احساس بھی کرادیں ۔‘‘
اس احتجاج میںمذکورہ تنظیموں اورکمیونسٹ پارٹی سے وابستہ کارکنان بڑی تعداد میںموجود تھے۔ احتجاج ختم ہونے پرالگ الگ وفد نے ایچ پی اوربھارت گیس ایجنسی کے منیجروں کومیمورنڈم بھی دیا۔