Inquilab Logo Happiest Places to Work

مرکزکی جانب سے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد کئی ریاستوں نے بھی تخفیف کی

Updated: November 05, 2021, 10:05 AM IST | new Delhi

کرناٹک ،گجرات ،آسام ، تریپورہ ، دہلی ، گوا ، ہماچل اور منی پور میں پیٹرول اور ڈیزل پر ۵؍ سے ۸؍ روپے تک کی تخفیف ، بہار میں صرف ایک روپیہ ۹۰؍ پیسے تک کمی ، غیر بی جے پی حکومتوں پر تنقیدیں،ویٹ کم کرنے کا دبائو

The reduction in petrol and diesel prices is expected to bring some relief to the citizens
پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں کمی سے شہریوں کو معمولی راحت ملنے کی امید ہے

ملک کی راجدھانی میں   پیٹرول کی قیمت  ۱۱۰؍ روپے تک پہنچ گئی تھی  جبکہ ڈیزل سنچری کے قریب تھا۔ یہی نہیں بلکہ آئے  دن  ڈیزل اور  پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ دی تھی۔مگر گزشتہ روز مرکزی حکومت کی طرف سے  سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں کمی آئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مختلف ریاستوں نے بھی عوام کو مزید راحت دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیوٹی کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے  پی اور این  ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں نے سب سے پہلے ویٹ (ویلیو ایڈیڈ ٹیکس) میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ ان ریاستوں میں اتر پردیش بھی شامل ہے جہاں اگلے سال کی شروعا ت میں اسمبلی الیکشن ہونے والے ہیں۔ یہاں حکومت نے  ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں مجموعی طور پر۱۲؍ روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے جبکہ کرناٹک میں مجموعی طور پر ۱۹؍ روپے کی کمی آئی ہے ۔ کرناٹک میں یہ کمی صرف ڈیزل میںہے۔ کرناٹک حکومت نے اپنا ویٹ کم کرنے کے ساتھ ساتھ سیلس ٹیکس بھی کم کیا ہے جس کی وجہ سے دام میں مزید گراوٹ آنے کی امید ہے۔
  گجرات میں بھی  پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری طور پر فی لیٹر۷؍ روپے کم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس طرح سے یہاں بھی ۱۲؍ روپے تک کی کمی آئے گی۔ ہماچل پردیش جہاں بی جے پی ضمنی انتخابات میں بری طرح شکست سے دوچار ہوئی ہے وہاں   دونوں مصنوعات پر ٹیکس کم کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ آسام میں ۷؍روپے کی تخفیف کا اعلان کیا گیا ہے۔ تریپورہ میں بھی ۷؍ روپے تک مزید تخفیف ہو گی۔ان کے علاوہ کرناٹک اور گوا کی حکومتوں نے بھی  ۷؍روپے فی لیٹر کی تخفیف کا اعلان کیا ہے۔ اتراکھنڈ میں بھی  پیٹرول پرویٹ کم کرنے کا اعلان کیا گیا ہےجس کا اعلان جلد ہو گا ۔ شمال مشرقی ریاست  منی پور کی حکومت نے بھی فوری اثر سے ۷؍ روپے کم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ  بہار سرکار نے سب سے کم تخفیف کی ہے۔ بہار حکومت نے پیٹرول پر ایک روپے ۳۰؍ پیسے  اور ڈیزل پر ایک روپے ۹۰؍ پیسے کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔        ان  ریاستوں نے دام تو کم کردئیے ہیں اب غیر بی جے پی ریاستوں پر دام کم کرنے کا دبائو بن رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK