EPAPER
Updated: December 10, 2021, 8:30 AM IST | saadat khan | Mumbai
اس امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد میںگزشتہ ۲؍سال سے کمی ۔ امسال صرف ۵؍لاکھ ۳۲؍ہزار ۸۲۹؍طلبہ امتحان میں شریک ہوئے اور ۸۱؍ہزار ۲۹۴؍ طلبہ پاس ہوئے۔والدین اور طلبہ نتائج سے مایوس۔ تعلیمی تنظیم نےریاست کی ایگزامنیشن کونسل سے فیس کم کرنے کا مطالبہ کیا
کوروناوائرس اورلاک ڈائون کی وجہ سے اسکالر شپ امتحان دینےوالے طلبہ کی تعداد میںگزشتہ ۲؍ سال سے کمی آئی ہے ۔ عموماً ہر سال ۱۰؍ لاکھ طلبہ اسکالر شپ امتحان میں شریک ہوتےہیں مگر امسال صرف ۵؍لاکھ ۳۲؍ہزار ۸۲۹؍طلبہ اس امتحان میں شریک ہوئے تھے جن میں سے صرف ۸۱؍ہزار ۲۹۴؍ طلبہ پاس ہوئے ہیں۔ ایک طرف طلبہ اوروالدین اسکالرشپ امتحان کے اس نتائج سے مایوس ہیں تودوسری جانب ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے اسکالرشپ امتحان کی فیس میں اضافہ کرکے ان کی پریشانی اور بڑھادی ہے۔ واضح رہےکہ مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامنیشن کونسل (ایم ایس ای سی) جس کے ذریعے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے اسکالرشپ امتحان کا انعقاد کیاجاتاہے۔
مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامنیشن کونسل (ایم ایس ای سی) نے فروری ۲۰۲۲ءمیں میں منعقدہونےوالے اسکالر شپ امتحان کیلئے آن لائن درخواست فارم پُرکرنےکا اعلان کردیاہے مگر اس امتحان کی فیس میں اضافہ کئے جانے سے بالخصوص پسماندہ طبقے کےطلبہ اور والدین میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔ پسماندہ طبقے کے طلبہ کی فیس ۲۰؍روپے سے بڑھا کر ۱۲۵؍روپے جبکہ دیگر طلبہ کی فیس ۸۰؍روپے سے ۲۰۰؍روپے کردی گئی ہے ۔ ایک طرف اسکالر شپ امتحان کی فیس میں اس قدر اضافے اور دوسری جانب اس کے امتحان کے رزلٹ سے طلبہ اور سرپرستوں میں مایوسی پائی جارہی ہے۔
اکھل بھارتیہ اُردوشکشک سنگھ کےجنرل سیکریٹری ساجد نثار نےبتایاکہ ’’ اس ضمن میں ہم نے ایم ایس ای سی کے ڈائریکٹرکو مکتوب روانہ کیاہے جس میں اس جانب توجہ دلائی گئی ہےکہ کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے اسکالر شپ امتحان میں طلبہ کم تعدادمیں شریک ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں اسکالر شپ امتحان کارزلٹ بھی انتہائی مایوس کن آیاہے، اس کےباوجود اس امتحان کی فیس میں اضافہ کرنےسے طلبہ اوروالدین میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ اس لئے اس کی فیس کم کی جائے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ عموماً ہر سال پانچویں اور آٹھویں جماعت کےاسکالرشپ امتحان میں ریاست سے تقریباً ۱۰؍لاکھ طلبہ شریک ہوتےہیں مگر کوروناوائر س کی وجہ سے امسال پانچویں جماعت کے۳؍لاکھ ۸۵؍ہزار ۵۱۵؍ اور آٹھویں جماعت کے ۲؍ لاکھ ۴۴؍ہزار ۳۱۴؍ طلبہ نے ہی فارم پُر کئے تھے۔ مجموعی طور پر ۶؍لاکھ ۳۲؍ہزار ۸۲۹؍طلبہ نے امتحان کیلئے رجسٹریشن کروایاتھا جن میں سے ۵؍لاکھ ۴۷؍ہزار ۷۰۸؍ طلبہ امتحان میں شریک ہوئے اور ان میں سےصرف ۸۱؍ ہزار ۲۹۴؍طلبہ پاس ہوئے۔ اسکالر شپ امتحان کےخراب نتائج سے طلبہ اور والدین بہت فکر مند ہیں۔ ایسی صورت میں اسکالر شپ امتحان کی فیس میں اضافہ کئے جانے سے ان کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔ لہٰذا ایم ایم ایس ای سی اس امتحان کی فیس کم کرے۔‘‘