Inquilab Logo Happiest Places to Work

مولانا کلیم صدیقی کی رہائی کیلئے مالیگاؤں اورناندیڑ میں احتجاج

Updated: September 25, 2021, 12:22 PM IST | Z A Khan/ Mukhtar Adeel | Malegaon / Nanded

مختلف تنظیموں اور پارٹیوں کی شرکت، مسلم قائدین کو نشانہ بنانے پر برہمی ، کلکٹر کے توسط سے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم

 A scene of protest outside the Additional Collector`s office in Nanded..Picture:INN
ناندیڑ میں  ایڈیشنل کلکٹر کے دفتر کے باہر احتجاج کا منظر۔ تصویر: آئی این این

 : مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کیخلاف مسلمانوں   کے شدید غم وغصہ کے بیچ جمعہ کو مالیگاؤں اور ناندیڑ  سمیت کئی مقامات پر احتجاج  اوران کی رہائی کا مطالبہ کیاگیا۔ ناندیڑ میں آل انڈیا امام کونسل کی جانب سے ضلع کلکٹر کے دفتر کے سامنے دھرنا دیاگیا جس میں مختلف ملی، سماجی اور سیاسی پارٹیاں شریک تھیں ۔   مالیگاؤں  میں دستور بچاؤ کمیٹی کے زیر ِ اہتمام زبردست احتجاج درج کرواتے ہوئے مولانا کی با عزت رہائی کا مطالبہ تحریری طور پر ایڈیشنل کلکٹر کے ذریعے صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند سے کیا گیا۔  مالیگاؤں کے اس احتجاج میں جمعیۃ علماء، سنّی جمعیۃ الاسلام اور اشرف اکیڈمی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ مہیش نگر سے پیدل مارچ کرتے ہوئے مظاہرین ایڈیشنل کلکٹر آفس پہنچے۔ اس موقع پر دستور بچاؤ کمیٹی  کے کنوینرمستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ اترپردیش حکومت علمائے دین کو ہدف بنا کر سماجی منافرت پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔   ناندیڑ میں  اما م کونسل کے ضلعی صدر مولانا ایوب قاسمی نےمولانا کی گرفتاری کو ظالمانہ اور ناانصافی پر مبنی قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ مرکزی حکومت اور یوپی کی یوگی  سرکار فسطائی ایجنڈہ پر کام کررہی ہے  اور  مسلما نوں کو خوفزدہ کرنے کی کوششوں  میں مصروف ہے۔ ا نہوں نے مولانا کی گرفتاری کو یوپی الیکشن   سے قبل عوام کو   تقسیم کرکے انتخابی فائدہ اٹھانے کی سازش کا حصہ قراردیا۔   پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے محمد عابد نے الزام لگایا کہ جانچ ایجنسیاں آر ایس ایس کے اشارے پر کام کررہی  ہیں اور مسلم قائدین کو ایک ایک کرکے نشانہ بنایا جارہاہے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگرہم نے موثر انداز میں آواز نہیں اٹھائی تو وہ  وقت دور نہیں جب مسلمانوں کو اس ملک میں دوسرے درجہ کا شہری بنادیا جائے گا۔ مسلم متحدہ محاذ کے ناصر خطیب نےمتنبہ کیا کہ یہ گرفتاری مسلمانوں کیلئے مزید سخت حالات کا اشاریہ  ہے۔  کانگریس پارٹی کی طرف  سے ایڈوکیٹ عبدالرحمن  صدیقی نے تقریر کرتے ہوئے مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فوری  رہائی کا مطالبہ کیا۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے ترجمان فاروق احمد نے بھی مولانا کی رہائی کا کا پرزورمطالبہ کیا۔ دھرنے کے بعد  ایک وفد نے  صدر جمہوریہ کیلئے ضلع کلکٹر کو میمورنڈم  سونپا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK