Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں کارپوریشن میں کانگریس کے میئر سمیت ۲۸؍کارپوریٹراین سی پی میں شا مل

Updated: January 28, 2022, 8:38 AM IST | malegaon

نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور جینت پاٹل نے ان سبھی کا استقبال کیا، اس موقع پر جینت پاٹل نے مالیگاؤں کی تصویربدلنے کابھی عہد کیا

View of the program held on the occasion of Congress Corporators joining NCP
کانگریس کارپوریٹرس کی این سی پی میں شمولیت کےموقع پر منعقدہ پروگرام کا منظر

 مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے میئر سمیت۲۸؍ کارپوریٹر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور ریاستی صدر جینت پاٹل کی موجودگی میں این سی پی میں شامل ہوگئے۔ان تمام لوگوں کے ایک ساتھ این سی پی میں شامل ہونے کی وجہ سے اب مالیگاؤں سے آئندہ اسمبلی انتخاب میں این سی پی کے ممبراسمبلی کا منتخب ہونا یقینی ہوگیا ہے۔ اسی کے ساتھ ریاستی صدر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ کورونا کی وبا کے ختم ہونے کے بعد پارٹی سربراہ شردپوار مالیگاؤں میں ایک عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کریں گے۔مالیگاؤں کے ان کارپوریٹرس اورمیئر کے این سی پی میں شامل ہوتے وقت ریاستی صدر جینت پاٹل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح جس طرح پمپری چنچوڑ ودیگر کارپوریشن این سی پی کے ذریعے ترقی کی جانب گامزن ہیں اسی طرح این سی پی کی قیادت میں ہم  مالیگاؤں کے خدوخال کو بھی تبدیل کریں گے۔
 اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی پارٹی میں شامل ہونے والے ان تمام کارپوریٹرس اورمیئر کا خیر مقدم کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید شیخ شفیع۱۹۹۹ء میں ایم ایل اے کی حیثیت  سے منتخب ہوئے تھے۔ وہ مالیگاؤں میں ہر طبقے کی مدد کے لیے پہل کرتے ہیں۔ ہم نے انہیں مالیگاؤں کا مسئلہ اٹھاتے دیکھا ہے۔ شیخ رشید کی سماج سے وابستگی کی وجہ سے تمام کارپوریٹر ان کے ساتھ این سی پی میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقے میں تعلیم کی کمی ہے اس لئے اس طبقے کی تعلیمی ترقی کے لئے مالیگاؤں میں کیا سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں، ہم اس پر غور کریں گے۔
  انہوں نے مزید کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد ترقیاتی کارپوریشن کے ذریعے بھی ہم کون کون سے ترقیاتی پروگرام روبہ عمل لاسکتے ہیں، اس پر بھی ہم غور کریں گے۔ نائب وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ رواں مالیاتی سال کے اختتام سے قبل ہی ہم مالیگاؤں کے لئے ایک بہتر فنڈ مختص کریں گے۔
 اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے اس موقع پر مالیگاؤں میں قبرستان کا مسئلہ جلد حل کرنے کا وعدہ کیا۔انہوں نے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ  کے ذریعے مالیگاؤں میں جلد ہی ایک نیا پولی ٹیکنک کالج قائم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ناسک ضلع کے نگراں وزیر چھگن بھجبل نے کہا کہ یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ پوار کے نظریے پر یقین رکھتے ہوئے آصف شیخ،شیخ رشید کی پہل پرمالیگاؤں کے کارپوریٹرآج این سی پی میں شامل ہو رہے ہیں۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK