EPAPER
Updated: October 02, 2021, 8:47 AM IST | saadat khan | Mumbai
ایڈیشنل میونسپل کمشنر کی مختلف وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں سے میٹنگ۔ اسکولوں کو کھولنے کیلئے مختلف ہدایات اور احکامات
کورونا کی وجہ سے گزشتہ ۱۹؍مہینے سے ممبئی میں اسکول اور کالج بند تھےلیکن کوروناکے معاملات میں کمی آنے کےبعد حکومت اور بی ایم سی نے ۴؍اکتوبر سے ممبئی میں بھی ۸؍ویں تا ۱۲؍ ویں جماعت کی آف لائن تعلیم شروع کرنےکی اجازت دی ہے۔ اسی ضمن میں جمعرات کو منعقدہونےوالی میٹنگ میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر اشونی بھیڈے اور جوائنٹ میونسپل کمشنراجیت کمبھار نے تمام وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے نام ہدایات جاری کی ہے ۔ اس میں اسکولوںمیںبنائے گئے کوارینٹائن سینٹروںکوختم کرنےاور جن سینٹروں کو ختم کردیاگیاہے،ان میں رکھے ہوئے سامان کو فوری طورپر ہٹانےکیلئے کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان اسکولوںکو سینی ٹائز کرنےکاحکم دیاہے ۔ اس کےعلاوہ بالخصوص ان اساتذہ کو کووڈ کی ڈیوٹی سے آزاد کرنے کی درخواست کی ہے جو ۸؍ویں تا ۱۲؍ویں جماعت کے طلبہ کو ٖپڑھاتے ہیں۔اس میٹنگ کے بعد ایجوکیشن آفیسر راجوتڑوی نے اسکول شروع کئے جانے سےمتعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر( ایس او پی) جاری کیا جس میںکووڈ کے پیش نظراسکول انتظامیہ سے تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنےکی تلقین کی گئی ہے ۔
مذکورہ میٹنگ میں اشونی بھیڈے نے تمام اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سے درخواست کی کہ وہ اسکول انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں، جن اسکول میں کوارینٹائن سینٹر ہے پہلےان سینٹروںکو ختم کیاجائے اور جن اسکولوںمیں سینٹروںکو ختم کردیاگیاہے مگر وہاں سامان پڑا ہے ،ان سامان کو ہٹاکر اسکول کی صفائی کی جائے ۔ سینی ٹائزیشن کیاجائے ۔ جن اسکولوںکے احاطے میں درخت اور جھاڑیاں بڑھ گئی ہیں انہیں تراشا جائے۔ ساتھ ہی ۸؍ویں تا۱۲؍ویں جماعت کے اساتذہ کو کووڈ کی ڈیوٹی سے آزاد کرنے کی اپیل کی تاکہ وہ اسکول جاکر طلبہ کوپڑھاسکیں۔اجیت کمبھار نے اس موقع پر تمام اعلیٰ تعلیمی افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقے کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سےملاقات کرکے اسکول شروع کرنے کی تیاری کریں ۔
اس میٹنگ کے بعد ایجوکیشن آفیسر راجو تڑوی نے اسکول شروع کئے جانے سےمتعلق ایک ایس اوپی جاری کیا۔ جس کےمطابق ہی اسکول شروع کئے جائیں گے۔ ایس اوپی میں ۹؍اہم پوائنٹ پر عمل کی تلقین کی گئی ہے جن میں اسکول مینجمنٹ کمیٹی ،والدین اور ٹیچروںکو اسکول شروع کئے جانے سےمتعلق تبادلہ خیال کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ اسکول انتظامیہ کو قریبی ہیلتھ پوسٹ سے رابطہ کرنےکیلئے کہاگیاہے۔طلبہ کے تحفظ سےمتعلق اہم اقدامات پر عمل کرنے ،طلبہ اور والدین میں بیداری پیدا کرنے ، کلاس میں بیٹھنے کی ترتیب ، اسکول میں حاضری سے متعلق معلومات ، کس طرح طلبہ کو پڑھایاجائے ، کائونسلنگ اور اسکول سے گھر جاتے وقت کن احتیاطی تدابیر کےساتھ طلبہ کو اسکول سے روانہ کیاجائے ان کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔