EPAPER
Updated: June 27, 2021, 10:13 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai
وسٹاڈوم کوچ لگانے سے مسافر خوش۔ سفر کرتے ہوئے قدرتی مناظر اپنے کیمروں میں قید کئے
:ممبئی پونے دکن کوئن اسپیشل ٹرین سنیچر ۲۶؍جون کو پہلی مرتبہ وسٹاڈوم ڈبے کے ساتھ روانہ کی گئی۔ اس پر مسافروں نے خوش کا اظہار کیا اور انہوں نے دوران سفر قدرتی مناظر اپنے کیمروں میں قید کئے۔ خاص طور پر اس روٹ پر ندی، گھاٹی ، جھرنے اور دیگر قدرتی مناظر کا لطف اٹھایا اور سیلفی پوائنٹ سے سیلفی لی۔یاد رہے کہ اس سے پہلے تک ممبئی گوا روٹ پر مسافر اس طرح کے ڈبے سے لطف اندوز ہوتے تھے اورصرف ممبئی مڈگاؤں جن شتابدی ایکسپریس میں وسٹاڈوم کوچ لگے تھے۔
ممبئی پونے دکن کوئن میں وسٹاڈوم کوچ لگائے جانے سے مسافر نیرل کے قریب ماتھیران پہاڑی ، پلسدھری کے پاس سونگر پہاڑی ، جام برنگ کے پاس الہاس ندی، الہاس گھاٹی، کھنڈالا، لوناولا اور جنوب مشرق میں گھاٹ ، جھرنے اور سرنگ سے گزرتے ہوئے منوہاری میں قدرتی مناظر دیکھتے ہوئے گئے۔وسٹاڈوم ڈبے کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں چوڑی کھڑکیاں، شیشے کی چھت ، گھومنے والی سیٹیں، پش بیک کرسیاں لگی ہوئی ہیں۔ سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نے نمائندۂ انقلاب کو یہ تفصیلات بتائیں۔
چیف پی آر او کا یہ بھی کہنا تھا کہ جتنی امید کی گئی تھی اس سے زیادہ مسافروں نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ وسٹاڈوم ڈبے میں ۴۴؍ سیٹیں ہیں، یہ سب فوراً بک ہوگئی تھیں۔وسٹاڈوم کوچ کا استعمال عام طور پر غیر ملکوں میں کیا جاتا ہے، ہندوستان میں ریلوے میں اس طرح کے کوچ کا استعمال بالکل ابتدائی مراحل میں ہے۔