EPAPER
Updated: March 03, 2021, 11:42 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
الیکٹرک بلوں کے تعلق سے جب تک اسمبلی میں فیصلہ نہیں ہوتا کسی صارف کا بجلی کنکشن منقطع نہیں کیا جائےگا : نائب وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی
مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن زائد بجلی بلوں پر اپوزیشن لیڈروں نے قانون ساز اسمبلی اور کونسل دونوں ایوانوں میں ہنگامہ کیا جس کے بعد نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے یقین دلایاکہ اس معاملے میں جب تک بر سرِ اقتدار اور اپوزیشن لیڈروں کے مابین تفصیلی بحث نہیں ہوتی اور کوئی فیصلہ نہیں لیا جاتا تب تک کسی صارف کا (کسان اور رہائشی صارفین )کا بجلی کنکشن منقطع نہیں کیا جائے گا۔
اپوزیشن اوربرسرِ اقتدار دونوں کا مظاہرہ
منگل کو بر سراقتدار اور اپوزیشن آمنے سامنے آگئے تھے۔ ودھان بھون میں اپوزیشن کے لیڈران کسانوں کو زائد بھیجے گئے بجلی بلوں کی ادا ئیگی نہ کرنے پر ان کے کنکشن منقطع کرنے کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے جبکہ دوسری جانب اقتدار میں شامل کانگریس کے لیڈران تیل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہےتھے۔
اپوزیشن کا ہنگامہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل میں بھی جاری رہا۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس نے کہاکہ ’’ عوام خصوصاً کسانوں کو زائد بجلی بل بھیجنے کے خلاف عوام میں غصہ پایا جارہا ہے۔ کئی کسانوں کے کاشتکاری میں استعمال ہونے والے پمپ ضبط کئے گئے ہیں اور صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کئے گئے ہیں اور لاکھوں صارفین کو بل ادا کرنے کے نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ کسان پہلے ہی لاک ڈاؤن اوربے موسم برسات سے پریشان ہیں اور اس پریشانی کے درمیان ان کے بجلی کنکشن منقطع کئے جارہے ہیں۔
فرنویس نے وزیر توانائی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ لاک ڈاؤن سے پریشان حال عوام کو بجلی بل میں راحت دی جائے گی لیکن راحت دینے کے بجائے اس کی شرح میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔چھوٹے کاروباری من مانے طریقے سے بھیجا گیا بل کیسے ادا کریں گے ۔‘‘
دریں اثناسابق اسپیکر اور کانگریس کےریاستی صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا کہ بجلی کنکشن منقطع کرنے کی کارروائی فوراً روکی جائے۔ اسی کے ساتھ اوسطاً بل بھیجنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیاہے اسے بھی بند کیا جائے۔ بجلی سپلائی کمپنی بجلی میٹر کی ریڈنگ کے مطابق ہی بجلی کا بل بھیجے۔
نائب وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی
اس سلسلے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان کہا کہ’’ مَیں حکومت کی جانب سے یہ یقین دلاتا ہوں کہ جب تک اسمبلی میں اس تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں ہوتا تب تک کسی صارف کا بجلی کنکشن منقطع نہیں کیا جائے گا اور بجلی کنکشن منقطع کرنے کا سلسلہ فوراً روکا جائے گا۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہاکہ ’’اس معاملے میں برسر ِ اقتدار اور اپوزیشن ان دونوں کے اراکین اسمبلی کے مابین بحث و مباحثہ کیاجائے گا اور جو فیصلہ ہوگا اس کے مطابق ہی کارروائی کی جائے گی۔‘‘
دیویندرفرنویس نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جن صارفین کا کنکشن منقطع کر دیا گیا ہے اسے بھی دوبارہ جوڑا جائے ۔ اس پر اجیت پوار نے کہا کہ ’’ایک ہی دن کا معاملہ ہے بدھ کو اس پر فیصلہ ہو جائے گا۔‘‘
بجلی بل کے معاملے پر قانون ساز کونسل میں بھی اپوزیشن پارٹی کے لیڈروں کی جانب سے ہنگامہ کیا گیا تھا ۔ چیئرمین رام راجے نائک نمبالکر کے بار بار سمجھانے کے باوجود جب مظاہرین ویل کے قریب مظاہرہ کرنے سےباز نہیں آئے تو اجلاس کی کارروائی ۲۰؍ منٹ کیلئے ملتوی کر دی گئی تھی۔ کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو نائب وزیر اعلیٰ کو بولنے کا موقع دیا گیا جس کے دوران اجیت پوار نے یقین دہانی کو دہرایا کہ اراکین کے اظہار رائے کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے گا اور تب تک کوئی بجلی کنکشن منقطع نہیں کیا جائے گا۔