Inquilab Logo Happiest Places to Work

نائر اسپتال کی صد سالہ تقریب میں شہریوں کو طبی تحفہ

Updated: August 05, 2021, 7:52 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بی ایم سی کی جانب سے نائر اسپتال میں بچوں کی ریڑھ کی ہڈی کے مفت علاج کا انتظام جبکہ کستوربا اسپتال میں کورونا کی نئی قسموں کا پتہ لگانے کیلئے خصوصی لیب کا قیام ۔ وزیراعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح

The online event was held on the occasion of the 100th anniversary of Naira Hospital.Picture:Inquilab
نائراسپتال کے ۱۰۰؍ سال مکمل ہونے پر آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تصویر انقلاب

  نائر اسپتال کے ۱۰۰؍ سال  مکمل ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ریڑھ کی ہڈی کا مفت  علاج  اور کستوربا اسپتال میں وائرس کی ریسرچ کرنے والی’ جینوم  سکوینسنگ لیب‘  بطور تحفہ دی گئی ہے۔  اس موقع پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرےنے نائر اسپتا ل اور بی ایم سی کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کروائی کہ حکومت بی ایم سی کا ہر ممکن تعاون کرے گی ۔
 وزیر اعلیٰ نے ٹوپی والا نیشنل میڈیکل کالج اور  یمونا بائی لکشمن نائراسپتال کی  صد سالہ تقریب کا   افتتاح کیا ۔ اس تقریب میں ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر ، رکن اسمبلی یامنی جادھو ، ڈپٹی میئر ایڈوکیٹ سہاس واڈکر، کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر روی راجا ، میونسپل کمشنر  اقبال  چہل ، ٹاسک فورس کے چیئرمین سنجے اووک ، ممبر ڈاکٹر ششانک جوشی ، پیڈیاٹرک ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر  سہاس پربھو وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہاتھوں ڈاکٹر شری واستو کی کتاب  ’ریز  ایگینسٹ ڈائنگ آف لائٹ ‘  کا اجرا بھی کیا گیا ۔
 وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بچوں میں پائی جانے والی ریڑھ کی ہڈی   کی بیماری کا علاج کافی مہنگا ہوتا ہے ۔اسی بیماری کیلئے گزشتہ دنوں ایک بچہ کو ۱۶؍  کروڑ کا انجکشن لگایا گیا تھا اس کے باوجود اس کی موت واقع ہو گئی تھی  لیکن اب نائر میں ’ `اسپائنل مسکیولر ایٹروفی‘ کی سہولت سے بچوں کو بروقت علاج فراہم ہوگا۔  ساتھ  ہی ممبئی میں ایک جینوم سیکوینسنگ لیب بھی قائم کی گئی ہے ، جس نے کورونا کے خلاف جنگ کو تحریک دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے خلاف گزشتہ ڈیڑھ سال سے ہمارے  ڈاکٹر اور ان کا عملہ سخت لڑائی لڑ رہے ہیں۔ اس محنت نے لاکھوں  شہریوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔ لیکن اب کورونا  نئی شکلیں اختیار کر رہا ہے اورجینوم سیکوینسنگ لیب وائرس کے تبدیل شدہ ورژن اور اس کا بروقت علاج تلاش کرنے میں کار آمدثابت ہوگی۔ اس لئے ممبئی میں ایسی لیب کا ہونا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیب آج سے کام کرنا شروع کر دے گا ۔ وزیراعلیٰ نے بی ایم سی کی ستائش کی کہ اس لیب کیلئے  حکومت اور  کارپوریشن پر کوئی مالی بوجھ ڈالے بغیر سی ایس آر فنڈ قائم کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ  نےسی ایس آر فنڈ دینے والی کمپنی اور اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
جینوم سیکوینسنگ لیب کے بارے میں: 
 ’نیکسٹ جنریشن جینوم سیکوینسنگ‘ ایک ایسا طریقہ ہے جو وائرس کی شناخت کر تا ہے۔یہ ایک ہی وائرس کی دو یا زیادہ شکلوں کے درمیان فرق کی نشاندہی کر سکتاہے۔ ایک باراس فرق کی نشاندہی ہو جائے تو علاج کی صحیح سمت واضح ہو جاتی ہے۔ جینوم سیکوینسنگ میڈیکل لیبارٹری  میں بیک وقت  بڑی تعداد میں طبی نمونوں کی جانچ ممکن ہے۔ کستوربا اسپتال میں جینوم سیکوینسنگ پلانٹ فراہم کیا گیا ہے۔ امریکہ میں واقع الومنیا کمپنی نے امریکہ کے ہی البرائٹ اسٹون بریج گروپ نے بی ایم سی کو کل۶؍ کر وڑ ۴۰؍ لاکھ روپے مالیت کے۲؍جینوم سیکوینسنگ پلانٹس عطیہ کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ، اے  ٹی ای چندرا فاؤنڈیشن نے ۴؍ کروڑ روپے  فراہم کئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK