Inquilab Logo Happiest Places to Work

جے جے اسپتال کی سی ٹی اسکین مشین خراب،مریض پریشان

Updated: October 22, 2021, 9:57 AM IST | saadat khan | Mumbai

ایم آر آئی کیلئے بھی ۳؍تا۴؍ماہ کا وقت دیا جارہا ہے،دور دراز سےآنے والے مریضوں کو پریشانی،اسپتال انتظامیہ کا نامناسب رویہ بھی تشویشناک

View outside the JJ Hospital where the public is in distress (file photo)
جے جے اسپتال کے باہر کا منظر جہاں عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے(فائل فوٹو)

جےجے اسپتال کی سی ٹی اسکین کی مشین خراب ہونے اور ایم آرآئی کیلئے ۳؍تا۴؍ مہینے کےبعد کا وقت دیئے جانے سے ممبئی اور مضافات کے علاوہ دوردراز علاقوں سے آنے  والے مریضوںکو شدید پریشانی ہو رہی ہے۔لیکن اسپتال انتظامیہ مریضوںکی تکلیف اور پریشانی کی طرف توجہ نہیں دے رہاہے ۔ جس سے اسپتال انتظامیہ کےتئیں مریضوںمیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔جن مریضوںکو مشین خراب ہونےکی اطلاع نہیں ہے وہ دیئے گئےمقررہ دن اور وقت پر سی ٹی اسکین کیلئے قبل ازوقت اسپتال آکر اپنی باری کا گھنٹوں انتظارکررہے ہیں ۔مگرمشین خراب ہونے سے سی ٹی اسکین نہیں ہوپارہاہے ۔ سی ٹی اسکین کے متعددمریض صبح ۵؍بجےسےآکر قطار میں انتظار کر رہےہیں مگر انہیں یہ نہیں بتایاجارہاہےکہ مشین خراب ہے۔جمعرات کویہاں کئی گھنٹوں سے کھڑے  مریضوںاور متعلقین نے جب شکایت کی توانہیں مشین کے خراب ہونےکی اطلاع دی گئی ۔ مشین کے خراب ہونے سے ایک تو مریضوںکا ٹیسٹ نہیں ہورہاہے دوسرے اسٹاف کے سوتیلے رویہ سے بھی مریض اور متعلقین پریشان ہیں۔
 مالیگائوں سے علاج کیلئے آنےوالے مختار عدیل نے بتایاکہ ’’میری ریڑھ کی ہڈی میں کچھ مسئلہ ہے۔ ڈاکٹر نے ایم آر آئی کروانےکا مشورہ دیاہے ۔ جمعرات کو جے جے اسپتال میں ایم آر آئی کیلئے پہنچا تو مجھے ۲۷؍ دسمبر ۲۰۲۱ء کی تاریخ دے دی گئی ۔ میں مالیگائوں سے علاج کروانےکیلئے آیا ہوں۔ فوری طورپر علا ج شروع نہیں کیاگیا تو مرض بڑھ سکتاہے ۔ جس تکلیف سے ابھی میں گزر رہا ہوں ،ایم آر آئی نہ ہونے سے ۳؍مہینے اور اس تکلیف کو جھیلناہوگا۔یہاں کے اسٹاف سے میں نےقریبی دنوں کا وقت دینےکی اپیل کی لیکن میری درخواست پر کسی طرح کی توجہ نہیں دی گئی ۔ اسی دوران میں نے دیکھا کچھ لوگ اپنے اثر ورسوخ کی بناپر بغیر اپوائنٹمنٹ ایم آر آئی کروارہے تھے۔ یہ دیکھ کر بڑی تکلیف ہوئی ، عام مریض کو ۳؍تا ۴؍مہینے کےبعد کا وقت دیاجارہاہے جبکہ بااثر لوگ فوراً ایم آر آئی کروا رہےہیں۔‘‘
  انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ابھی میں ایم آرآئی کروانےکی اُدھیڑ بن میں تھا کہ سامنے ہی موجود سی ٹی اسکین ڈپارٹمنٹ کے قریب جمع متعدد مریضوںاو ر ان کےمتعلقین کے شورشرابے کی آو از سنائی دی۔ یہ لوگ سی ٹی اسکین ڈپارٹمنٹ کے اسٹاف سے شکایت کررہے تھے کہ اگر مشین خراب ہے تو ہمیں اس کی اطلاع کیوں نہیں دی گئی۔ ہم علی الصباح سے یہاں کھڑے ہیں ۔ ۵؍تا۷؍گھنٹے گزرجانےکے باوجود یہ نہیں بتایاگیاکہ مشین خراب ہے ۔اگر مشین خراب ہے تو ہمیں کسی اور دن کا اپوائنٹمنٹ دے دیا جائے تاکہ ہم بے فکر ہوجائیں ۔ ‘‘
  سی ٹی اسکین ڈپارٹمنٹ کے ایک اسٹاف نے کہا کہ’’۴؍اکتوبر سےمشین خراب ہے۔ جس کی اطلاع ڈین اور سپرنٹنڈنٹ کو دی گئی ہے مگر ابھی تک مشین ٹھیک نہیں ہوسکی ہے ۔ جس سے مریضوںکو پریشانی ہورہی ہے ۔ ‘‘
 ایم آر آئی کرانےکیلئے آنےوالےمریض اکشئے سروے سے سی ٹی اسکین کیلئے آنے والے مریضوںاور ان کے متعلقین کی پریشانی نہیں دیکھی گئی تو اس نے سی ٹی اسکین ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران سے کہاکہ اگر مشین ابھی نہیں بن سکتی ہے تو ان مریضوںکو پریشان کیوں کیاجارہاہے۔ انہیں کسی اور دن کا اپوائنٹمنٹ کیوں نہیں دیاجارہاہے ۔یاکسی اورسرکاری اسپتال سے سی ٹی اسکین کروانے کی صلاح کیوں نہیں دی جارہی ہے ۔ 
 اپنی ۸؍سالہ بیٹی صافیہ ترنم کا سی ٹی اسکین کروانے کیلئے آنےوالی برقعہ پوش خاتون نے بتایاکہ ’’میں علی الصباح ۵؍بجے سے یہاں آئی ہوںتاکہ وقت پر میری بیٹی کا سی ٹی اسکین ہوجائے مگر ۱۱؍بجے تک ہمیں کسی طرح کی اطلاع نہیں دی گئی ۔بعدازیں یہاں جمع مریضوںنے جب شورشرابہ کیاتو پتہ چلاکہ مشین خراب ہے۔ مشین کے خراب ہونے سے سی ٹی اسکین نہیں ہورہاہے یہ تو سمجھ میں آرہاہے مگر یہاں کے اسٹاف کی لاپروائی سے زیادہ تکلیف پہنچی ہے ۔ میں نے اپنی بیٹی کے سی ٹی اسکین کیلئے ڈیڑھ مہینے قبل اپوائنٹمنٹ لیاتھا، اس کےباوجود اس کا سی ٹی اسکین نہیں ہوسکا۔‘‘
  اطلاع کےمطابق سی ٹی اسکین کے مریضوں کی پریشانی اور شورشرابہ کےبعدان مریضوںکا سی ٹی اسکین کرافورڈ مارکیٹ پر واقع جی ٹی اسپتال سے کروانے سےمتعلق اسپتال انتظامیہ نے جمعرات کو ہنگامی میٹنگ طلب کی تھی ۔ لیکن میٹنگ میں کیافیصلہ کیاگیا اس کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اس ضمن میں جے جے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ سنجے سوراسے سےانقلاب نےمتعدد مرتبہ موبائل فون پر رابطہ کرنےکی کوشش کی لیکن انہوںنے فون ریسیونہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK