Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہنگائی کی چوطرفہ مار ، عام آدمی پر مصیبتوں کا پہاڑ 

Updated: July 02, 2021, 9:43 AM IST | New Delhi

پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں پہلےہی مسلسل اضافہ سے حیران عام آدمی کیلئے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں ۲۵؍ روپے کا اضافہ ، دودھ کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ بینکنگ خدمات کے چارج میں بھی اضافہ کردیا گیا ،سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نے رسوئی گیس سلنڈر کی مہنگائی کا گزشتہ۸؍ ماہ کا خاکہ پیش کیا ، سرکار سے کئی سوال پوچھے

Opposition parties have been protesting against the rise in prices.Picture:PTI
مہنگائی کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے وقفے وقفے سے احتجاج کیا جارہا ہے تصویرپی ٹی آئی

: کورونا کے دور میں بےروزگاری پہلے ہی عوام کو پریشان کئے ہوئے لیکن اب بڑھتی مہنگائی نے  عام آدمی کی جیب کو بالکل خالی کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔  پیٹرول   اور ڈیزل کے دام میں گزشتہ ۲؍مہینوں کے دوران بے تحاشہ اضافہ ہو ہی رہا ہے اور اب یکم جولائی سے متعدد چیزیں مہنگی کردی گئی ہیںجس کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑنے والا ہے ۔صرف جون کے مہینے میں  پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں  ۱۶؍ مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ ادھریکم جولائی سے پورے ملک میں امول کا دودھ ۲؍ روپے فی لیٹر مہنگا، ایل پی جی سلنڈر اور بینک سروس چارج مہنگے ہوگئے ہیں۔دہلی، مہاراشٹر، یوپی اور گجرات سمیت متعدد ریاستوں میں یکم جولائی سے امول دودھ کے دام میں۲؍ روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ امول نے تقریباً ڈیڑھ سال بعد اپنے دودھ کے دام میں اضافہ کیا ہے اور اس کی اطلاع کمپنی کی جانب سے بدھ کو دے دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ   ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب ہی  امول دودھ مہنگا کیا گیا ہے۔ امول کے بعد دیگر کمپنیوں اوربڑی دودھ ڈیریوں کی جانب سے بھی  دودھ  اور اس کی مصنوعا ت کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔
 ادھر ملک کے سب سے بڑے بینک یعنی اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے کیش وڈرائول پر عائد چارج میں اضافہ کر دیا ہے۔ اب صارفین مہینے میں صرف چار مرتبہ ہی مفت پیسے نکال سکیں گے۔ اس سے زیادہ مرتبہ  اے ٹی ایم  سے پیسے نکالے گئے تو ۱۵؍روپے کا اضافی چارج ادا کرنا ہوگا۔ یہ چارج صرف اے ٹی ایم  ہی نہیں بلکہ  برانچ پر بھی عائد ہوگا۔ایس بی آئی نے اس کے علاوہ چیک کے حوالہ سے بھی چارج میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب کسی بھی کھاتہ بردار کو ایک مالی سال کے دوران صرف ۱۰؍ چیک ہی مفت میں دستیاب ہوں گے، اس سے زیادہ پر چارج عائد ہوگا۔ ایس بی آئی کے علاوہ ایکسس بینک نے بھی اپنے ایس ایم ایس چارج، لاکر چارج میں اضافہ کر دیا ہے۔ امکان ہے کہ دیگر سرکاری اور پرائیویٹ بینک بھی اپنے اپنے چارج میں اضافہ کردیں۔ اس سے عام آدمی جو پہلے ہی اشیاء کی گرانی  سے پریشان ہے ، خدمات کے دام میں اضافہ اس کے لئے ’مرے پر سو درے ‘ کے مصداق ثابت ہو گا۔
 ان سب کے علاوہ یکم جولائی سے ایل پی جی سلنڈر کے دام میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب غیر سبسیڈی والے سلنڈر کے لئے ۲۵؍ روپے زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔ اس طرح سے گھریلو گیس سلنڈر اب دہلی میں۸۳۴؍ جبکہ ممبئی میں بھی  ۸۳۴؍ روپے میں سلنڈر دستیاب ہو گا جبکہ چنئی اور کولکاتا میں گیس سلنڈر کی قیمت ۸۵۰؍ روپے سے زائدہو جائے گی۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ  عام آدمی کے لئے آنے والے دن کتنے مشکلات بھرےہوسکتے ہیں۔   اس سلسلے میں سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نے سلسلہ وار ٹویٹس کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو آئینہ دکھایا اورکئی سوال بھی پوچھے ہیں۔ 

inflation Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK