Inquilab Logo Happiest Places to Work

تبدیلی ٔ مذہب کیس :ای ڈی سرگرم، کئی جگہوں پر چھاپے

Updated: July 04, 2021, 9:51 AM IST | Lucknow

دہلی میں عمر گوتم اور جہانگیر قاسمی کی رہائش گاہ نیز دعوۃ سینٹر کو نشانہ بنایاگیا، لکھنؤ اور سنت کبیر نگر میں ۲؍ تعلیمی اداروںکے دفاتر پر دھاوا بولا گیا، اہم ثبوت ملنےکا دعویٰ

A file photo of the ED personnel outside their zonal office in Delhi.Picture:PTI
ای ڈی کے اہلکاروںکی ایک فائل فوٹو جس میں وہ دہلی میں اپنے زونل آفس کے باہر نظر آرہے ہیں۔ تصویرپی ٹی آئی

تبدیلی ٔ مذہب کیس میں  عمر گوتم، مفتی جہانگیر قاسمی اور دیگر کی گرفتاری کے بعد سنیچر کو اس معاملے میں مالی بے ضابطگیوں کی جانچ کرنے والی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ  بھی سرگرم ہوگئی۔اس نے  ایک ہی دن میں   دہلی اور یوپی میں  بیک وقت ۶؍ مقامات پر چھاپے مار کر بیرون ملک سے فنڈ نگ سے متعلق اہم دستاویز  برآمد کرلینے کا دعویٰ کیا ہے۔  دوسری طرف عمر گوتم اوران کے اہل خانہ نیز ان کے متعلقین پہلے  ہی اے ٹی ایس کےذریعہ عائد کئے گئے الزامات کی تردید کرچکے ہیں۔ 
کہاں کہاں چھاپے مارے گئے؟
 انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) نے سنیچر کودہلی کے جامعہ نگر میں نومسلم مبلغ عمر گوتم، مفتی جہانگیر قاسمی اور اسلامک  دعوۃ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ لکھنؤ کے ملیح آباد علاقہ میں واقع الحسن ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن  نیز سنت کبیر نگر میں  واقع گائیڈینس ایجوکیشنل سوسائٹی کے دفاتر میں  بھی چھاپہ مار کر وہاںسےکئی دستاویزات کو ای ڈی نے اپنے قبضہ میںلیا ہے ۔ای ڈی کے مطابق اتر پردیش اے ٹی ایس کی ٹیم نے تبدیلی ٔمذہب کے معاملہ میں منی لانڈرنگ کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے اس  سے جانچ کی سفارش کی تھی ۔ اس معاملہ میں چند روز قبل  ہی ای ڈی نے اے ٹی ایس کی جانب سے درج مقدمہ کو بنیاد بنا کر اپنے یہاں بھی مقدمہ درج کیا تھا ۔
  ای ڈی نے دہلی کے جامعہ نگر میںواقع عمر گوتم کے اسلامک دعوۃسینٹراور ان کے گھر کے علاوہ بٹلہ ہاؤس میں واقع  ایک مکان پربھی چھاپہ مارا ہے۔ تینوں ہی  مقامات پر ملنے والے دستاویزات کو قبضہ میں لےکر تفتیش کاروں نے جانچ شروع  کردی ہے ۔ لکھنؤ میں  میں جن اداروں کو نشانہ بنایاگیا ان میں سے ایک  سوسائٹی  میں عمر گوتم نائب صدر تھے جبکہ سنت کبیر نگر میںواقع سوسائٹی میںوہ عہدیدار تھے ۔ 
جن اداروں کو نشانہ بنایاگیا وہ عمر گوتم چلاتے تھے
 ای ڈی کے افسران نےبتایا ہے کہ چھاپہ مار کارروائی  کے دوران جن اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ عمر گوتم کی نگرانی میں چل  رہے تھے۔  ای ڈی حالانکہ مالی بے ضابطگیوں کی جانچ کررہی ہے مگر خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’غیر قانونی تبدیلی ٔ مذہب‘‘ میں ان اداروں کا کلیدی رول رہاہے۔ یوپی اے ٹی ایس کا الزام ہے کہ عمر گوتم اورمفتی جہانگیر قاسمی کچھ اور لوگوں کے ساتھ مل کر غیر ملکی فنڈنگ  کی مدد سے  لالچ دے کر لوگوںکو اسلام قبول کروارہے تھے۔   اے ٹی ایس کے مطابق اس کیلئے سماج کے غریب طبقے کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔ اس میں خاص طور سے گونگے اور بہرے بچوں کے اسکول کا حوالہ دیاگیاہے  اور دعویٰ کیاگیا ہے کہ اس اسکول کے بچوںکو اسلام قبول کرنے کیلئے لالچ دے کر خصوصی طورپر راغب کیا جارہاتھا۔ 
 کئی اہم دستاویزات ملنے کا دعویٰ
 ای ڈی کے مطابق اسے ایسے کئی دستاویز ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک بھر میںعمر گوتم نے بڑے پیمانے پر لوگوں کا مذہب تبدیل کرکے انہیں اسلام قبول کروایاہے۔ اس کے ساتھ ہی ای ڈی اہلکاروں کےمطابق کروڑوں کی  غیر ملکی فنڈنگ کے بھی ثبوت ملے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK