EPAPER
Updated: November 28, 2021, 7:39 AM IST | Mumbai
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے روزانہ بھتہ پر کام کرنے والے ایس ٹی کے مزید ۵۰۰؍ ملازمین کو کام پر نہ لوٹنے کی پاداش میں ملازمت سے برخاست کردیاہے۔
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے روزانہ بھتہ پر کام کرنے والے ایس ٹی کے مزید ۵۰۰؍ ملازمین کو کام پر نہ لوٹنے کی پاداش میں ملازمت سے برخاست کردیاہے۔نقل وحمل (ٹرانسپور ٹ) کے وزیر انل پرب نے یہ اطلاع دی ہے۔واضح رہےکہ گزشتہ ایک مہینے سے جاری ایس ٹی بسوں کی ہڑتا ل سے ریاست میں سرکاری بسوںکی سروس پوری طرح ٹھپ پڑی ہوئی ہے۔ ہڑتال کرنے والے ملازمین ساتویں تنخواہ کمیشن کے نفاذ کے ساتھ ساتھ کارپوریشن کے ریاستی حکومت میںانضمام کامطالبہ کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملازمت کے معاہدہ کو۴؍ سال کی بجائے ۱۰؍ سا ل تک کرنے کامطالبہ بھی شامل ہے۔
ایم ایس آر ٹی سی کی لیبریونینوںکی ایکشن کمیٹی سےملاقات کے بعدانل پرب نےکام پر نہ لوٹنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج روزانہ بھتہ پر کام کرنے والے ۵۰۰؍ ملازمین کوبرطرف کردیاہےجن کیلئے روزانہ ڈیوٹی پر آنالازمی تھا۔ذرائع نے بتایاکہ ایم ایس آر ٹی سی نے اب تک ۳۲۱۵؍ مستقل اور۱۲۲۶؍ روزانہ بھتہ پر کام کرنے والے ملازمین کو نوکری سے برطرف کرنے کی کارروائی کی ہے۔ جبکہ انل پرب نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے بعدکئی ملازمین نے کام پر لوٹنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’ کچھ ملازمین نے ڈیوٹی جوائن کرنے پر غور کرنے کیلئے ایک دن کاوقت بھی مانگا ہے۔ اس طرح ایک دودن میںصورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔ ‘‘
انل پرب نے متنبہ کیاکہ اگر ملازمین ہڑتال جاری رکھنے پر بضد رہتے ہیںتوحکومت کو بھی تنخواہوں میںاضافے کا اعلان واپس لینے پر غور کرنا پڑےگا ۔ انل پرب نے یونین لیڈروں کو یقین دلایاکہ تنخواہوںمیںاضافے کے تعلق سے بات چیت اسی وقت ہوسکے گی جب ہڑتال ختم کی جائے گی اوراس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ کسی جونیئرملازم کی تنخواہ سینئر ملازم سے زیادہ نہ ہو۔
ریاستی وزیر نے کہا کہ ’’ میں تمام مسائل پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہوںلیکن بس خدمات کے معطل رہتے ہوئے مالی بوجھ برداشت کرنا انتظامیہ کیلئے ممکن نہیں ہے۔‘‘ اس دوران ایم ایس آر ٹی سی کےایک ترجمان نے بتایا کہ ۲۵۰؍بس ڈ پوز میںسے ۳۷؍ ڈپوز پر خدمات جزوی طورپر بحال کی جا چکی ہیںجن میںممبئی سینٹرل ، پریل ، تھانے ،کلیان ، سانگلی ،وسئی ، راجا پور اور پین وغیرہ شامل ہیں ۔