EPAPER
Updated: February 04, 2021, 6:04 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ممبئی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس تری مکھے نے ارنب ، ان کی اہلیہ اور اے آر جی آؤٹ لائیر کے خلاف دعویٰ دائر کیا۔
ارنب گوسوامی کی مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں ۔ پولیس ان کے خلاف مسلسل اپنا گھیرا تنگ کرتی جارہی ہے تو دوسری طرف ان پر ہتک عزت کے مقدمات بھی قائم ہو رہے ہیں ۔ ابھی ارنب کو ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ گھوٹالہ معاملہ میں بی اے آر سی کے سابق سی ای او پارتھو گھوش کے ساتھ سانٹھ گانٹھ کے معاملہ میں راحت ملی بھی نہیں تھی کہ ممبئی پولیس کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( ڈی سی پی ) ابھیشیک تری مکھے نے ارنب ہی نہیں بلکہ ان کی اہلیہ سامیہ برتا گوسوامی اور اے آر جی آؤٹ لائیر کے خلاف ممبئی کےسیشن کورٹ میں ہتک عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے ۔
ڈی سی پی نےاپنی شکایت میں کہا ہے کہ’’ ارنب نے پولیس کارروائی میں مداخلت کرتے ہوئے سرکاری کام میں رکاوٹ پیدا کی اور اس ضمن میں جاری کئے گئے وارنٹ کو بھی روکنے کی بھی کوشش کی ۔ اس لئے ان سے ہرجانہ کا مطالبہ کیا جاتا ہے ۔یہی نہیں انہوں نے میری کردار کشی کرتے ہوئے مجھے بدنام کرنے کی کوشش تھی اور ممبئی پولیس کی تضحیک کرنے کے ساتھ میری تذلیل بھی کی تھی۔‘‘ڈی سی پی کی جانب سے کورٹ میں درج کردہ شکایت کے ذریعہ یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ’’۷؍ اگست ۲۰۲۰ء کو نشر ہونے والے’ پوچھتاہے بھارت‘ میں شو میں ارنب نےبحث کے دوران مجھے ذاتی طور پر نشانہ بناتے ہوئے اداکارسوشانت سنگھ راجپوت کے کیس کی تفتیش متاثر کرنے کا الزام لگایا ہے ۔‘‘یہی نہیں ارنب نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پربھی پولیس کی ہتک کرتے ہوئے اس بحث کو شیئر کیا ہے۔