EPAPER
Updated: March 28, 2021, 12:53 PM IST | Ajayz Abdul Ghani | Ambarnath
امبرناتھ ایم آئی ڈی سی میں واقع مقفل کیمیکل کمپنی کی زیر زمین ٹنکی کی صفائی کے دوران ۳؍ مزدوروں کی دم گھٹنے سے موت واقع ہو گئی ہے ۔ فائر بر یگیڈ عملہ نے تینوں مزدروں کی لاشیں باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے سینٹرل اسپتال بھیج دیا ہے۔
امبرناتھ ایم آئی ڈی سی میں واقع مقفل کیمیکل کمپنی کی زیر زمین ٹنکی کی صفائی کے دوران ۳؍ مزدوروں کی دم گھٹنے سے موت واقع ہو گئی ہے ۔ فائر بر یگیڈ عملہ نے تینوں مزدروں کی لاشیں باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے سینٹرل اسپتال بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ۲؍سال سے بند پڑی کیمیکل کمپنی میںفی الوقت صاف صفائی اور پینٹنگ کا کام جاری تھا۔ اس کام کیلئے متعلقہ ٹھیکیدار نے گوونڈی سے ۴؍ مزدور بلائے تھے جو ایک ہفتہ سے کمپنی کے احاطے میں صاف صفائی اور رنگ وروغن کا کام کررہے تھے۔ سنیچر کی صبح تقریباً ساڑ ھے ۸؍ بجے چاروں مزدور زیر زمین ٹنکی کی صفائی کیلئے نیچے اترے ۔اس دوران اچانک کیمیکل کی تیز اور زہریلی بُو سے مزدوروں کا دم گھٹنے لگا تو ایک مزدور ٹنکی سے باہر نکل آیا جبکہ دیگر ۳؍ بے ہوش ہو کر وہیں گر پڑے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امبر ناتھ فائر بر یگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور ٹنکی سے تینوں مزدوروں کی لاش کو باہر نکالا۔ بتایا جارہا ہے کہ تینوں مزدوروں کا تعلق اتر پردیش سے ہے۔ اس ضمن میں فائر بر یگیڈ کے افسرنے بتایا کہ ٹنکی میں صفا ئی کر نے گئے مزدوروں کو کوئی حفاظتی سامان ،ماسک اور آکسیجن سلنڈروغیر نہیں دیا گیا تھا۔ ٹھیکیدار کی لاپروائی اور غیر ذمہ داری کے سبب مزدوروں کی قیمتی جانیں تلف ہو گئیں۔ دوسری جانب پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔