Inquilab Logo Happiest Places to Work

واجد نے سریلی موسیقی اور کھنکتی آواز سے ناظرین کو دیوانہ بنایا

Updated: June 02, 2020, 10:58 AM IST | Mumbai

بالی ووڈمیں واجد خان کو ایک ایسی شخصیت کے طور پر یاد کیا جائے گا جنہوں نے نہ صرف اپنی سریلی دھنوں سے بلکہ اپنی کھنکتی آواز سے بھی ناظرین کے دلوں پر اَنمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

wajid.photo:inquilab
واجد۔تصویر:انقلاب

 بالی ووڈمیں واجد خان کو ایک ایسی شخصیت کے طور پر یاد کیا جائے گا جنہوں نے نہ صرف اپنی سریلی دھنوں سے بلکہ اپنی کھنکتی آواز سے بھی ناظرین کے دلوں پر اَنمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔
 واجد خان کی پیدائش اترپردیش کے سہارنپور میں ہوئی تھی۔ واجد خان کوموسیقی وراثت میں ملی تھی۔ ان کے والد استاد شرافت علی خان مشہورومعروف طبلہ نواز اور میوزک آرگنائزر تھے۔ واجدکے دادا استاد عبدالطیف خان پدم شری ایوارڈ یافتہ موسیقار تھے۔ وہ سارنگی بجایا کرتے تھے۔ واجد خان اور ان کے بھائی ساجد خان نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنے والد استاد شرافت علی خان سے حاصل کی تھی۔ واجد خان نے اپنے بھائی ساجد کے ساتھ مل کر اپنے کریئر کا آغاز ۱۹۹۸ء میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی سپرہٹ فلم ’پیار کیا تو ڈرناکیا‘ سے کیا تھا۔اس جوڑی نے سلمان کی کئی فلموںمیں موسیقی دی ہے جس میں ’گَرو‘،تیر’ے نام‘، ’تم کونہ بھول پائیں گے‘،’مجھ سے شادی کرو گی‘، ’پارٹنر‘، ’وانٹیڈ‘، ’گاڈ تُسی گریٹ ہو‘، ’ویر‘، ’دبنگ سیریز‘ اور ’ایک تھا ٹائیگر‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔ 
 واجد جاتے جاتے بھی بھائی جان سلمان خان کیلئے اپنی دوستی نبھاگئے۔ واجد کے کرئیر کا پہلا گیت بھی سلمان کیلئے تھا اور آخری گیت بھی۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والے سلمان خان کے ۲؍ گیت ’پیار کرونا‘ اور’بھائی بھائی‘ میں ساجد۔واجد ہی نےموسیقی ترتیب دی ہے۔ یہ گیت یو ٹیوب پر ریلیز کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایک گلوکارکے طور پر واجدخان نے اپنے کرئیر کا آغاز ۲۰۰۸ء میں ریلیز ہونے والی سلمان ہی فلم ’پارٹنر‘ سے کیا تھا ۔انہوں نے ’ہڑ ہڑ دبنگ‘،’جلوہ‘، ’چنتا تا تو چتا چتا‘ اور ’فیویکول سے‘ جیسے کئی سپرہٹ گیت گائے ہیں۔ واجد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک بہت ہی سیدھے سادے اور ہنس مکھ انسان تھے۔ ’ساجد۔واجد‘ کی جوڑی نے سونونگم کی البم ’دیوانہ‘میں بھی موسیقی ترتیب دی تھی۔ اس کے علاوہ واجد ریئلیٹی شو ’سا رے گا ما پا سنگنگ سپراسٹار‘ اور ’سا رے گا ماپا۔۲۰۱۲ء‘ میں سرپرست بھی رہے تھے۔ انہوں نے ٹیلیویژن ریئلیٹی شو ’بگ باس۔۴؍ اور ۵‘ کیلئے ٹائیٹل ٹریک بھی بنایاتھا۔علاوہ ازیں اس جوڑی نے ’آئی پی ایل۔۴‘کا تھیم سانگ بھی تیار کیا تھا۔ ۲۰۱۱ء میں فلم’ دبنگ‘ میں اپنی بااثرموسیقی کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK