EPAPER
Updated: September 19, 2021, 7:49 AM IST | Mumbai
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی ۷۱؍ برس کی ہو گئیں۔شبانہ اعظمی ۱۸؍ستمبر۱۹۵۰ءکوپیدا ہوئیں
:بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی ۷۱؍ برس کی ہو گئیں۔شبانہ اعظمی ۱۸؍ستمبر۱۹۵۰ءکوپیدا ہوئیں۔ ان کےوالد کیفی اعظمی ایک مشہور شاعر اور نغمہ نگار تھے جبکہ والدہ شوکت اعظمی تھیٹر کی معروف اداکارہ تھیں۔ شبانہ نے سینٹ زیویئر کالج دہلی سے گریجویشن مکمل کیا اور اس کے بعد انہوں نے پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا۔ وہ پونے میں اداکاری کی تربیت حاصل کرنے کے بعد اداکارہ بن گئیں۔اداکارہ بننے کے لیے۱۹۷۳ءمیں ممبئی آئی تھیں۔یہاں ان کی ملاقات پروڈیوسر/ ہدایت کار خواجہ احمد عباس سے ہوئی جنہوں نے انہیں اپنی فلم فاصلے میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ اس فلم کی تکمیل سے قبل ان کی فلم انکُر ریلیز ہوگئی۔
شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بنی اور ۱۹۷۴ء میں ریلیز ہونے والی ، فلم انکُر حیدرآباد کے ایک سچے واقعے پر مبنی تھی۔ اس فلم میں شبانہ اعظمی نے ایک دیہاتی لڑکی لکشمی کاکردار ادا کیا جو شہر سے تعلق رکھنے والی کالج اسٹوڈنٹ سے پیار کرتی ہے۔ فلم بنانے کے دوران شیام بینیگل نے کئی اداکاراؤں کو اپنی کہانی سنائی ، لیکن سب نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔ ایسا کردار کسی بھی اداکارہ کے لیے اپنے کریئر کے ابتدائی مراحل میں ایک پرخطر کام ہو سکتا تھا ، لیکن شبانہ اعظمی نے اسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا اور اپنی سادہ اداکاری سے ناقدین کے ساتھ ساتھ ناظرین کے دل جیت کر فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔ اس فلم میں ان کی شاندار اداکاری پر انہیں بہترین اداکارہ کا قومی ایوارڈ دیا گیا۔۱۹۷۵ءمیں شبانہ اعظمی کو ان کے ساتھ شیام بینیگل کی فلم نشانت میں دوبارہ کام کرنے کا موقع ملا۔ ۱۹۷۷ءشبانہ اعظمی کے فلمی کریئر میں ایک اہم پڑاؤ ثابت ہوا۔ امسال انہیں عظیم فلم ساز ستیہ جیت رے کی فلم شطرنج کے کھلاڑی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں فلم سوامی میں اعلیٰ اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔