Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم انڈیا کے بلے بازوں کی شرمناک کارکردگی

Updated: August 27, 2021, 2:37 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

؍۸۹؍سال کی تاریخ میں پہلی بار ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کوئی بھی بلے باز۲۰؍کے عدد تک نہیں پہنچ سکا،۹؍مرتبہ ہندوستانی ٹیم ۱۰۰؍رنوں کے اندر آل آؤٹ ہوچکی ہے

Rohit Sharma was the highest 19 run scorer with 105 balls to spare. Picture: PTI
روہت شرما نے ۱۰۵؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سب سے زیادہ ۱۹؍رن بنائے تھےتصویر: پی ٹی آئی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف لیڈس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں محض۷۸؍رنوں پر سمٹ گئی۔۵؍ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں ہندوستانی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا لیکن بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے بدولت ہندوستان کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے شرمناک دن دیکھنا پڑا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم صرف ۷۸؍رنوں پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔اس اننگز میں ہندوستان کی بلے بازی تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔حیران کن بات یہ رہی کہ ٹیم کے ایک دو نہیں بلکہ پورے ۹؍بلے باز اپنا اسکور دوہرے ہندسے تک پہنچانے میں ناکام رہے۔ روہت شرما نے ٹیم کےلئے سب زیادہ ۱۹؍رن بنائے جبکہ اجنکیا رہانے نے ۱۸؍رنوں کا تعاون دیا۔تیسرا بہترین اسکور ٹیم انڈیا کےلئے ایکسٹرا کا رہا۔انگلینڈ نے ۷۸؍رنوں کے اسکور میں ۱۶؍ رن ایکسٹرا دئیے تھے۔
پہلی بار ایسا ہوا
 ہندوستان نے ۱۹۳۲ء میں پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ کھیلا تھا اور تب سے لے کر ۸۹؍سال ہوچکے ہیں۔ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب پہلی اننگز میں ایک بھی بلے باز۲۰؍کے اسکور تک پہنچنے میں ناکام ہوا۔ اب تک کسی ٹیسٹ میچ میں  ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ایسا نہیں ہوا تھا۔ٹیم کےلئے سب سے زیادہ رن افتتاحی بلے باز روہت شرما نے بنائے۔انہوں نے ۱۹؍رن بنائے حالانکہ انہوںنے اس کیلئے   ۱۰۵؍گیندوں کا سامنا کیا۔
انگلینڈ کے خلاف کم ترین اسکور
 ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف سب سے کم رنوں پر آؤٹ ہونے کا شرمناک ریکارڈ ۱۹۷۴ءمیں بنایا تھا جب پوری ٹیم لارڈس کے میدان پر ۴۲؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی تھی۔اس کے بعد ۱۹۵۲ء میں ٹیم انڈیا کی پوری ٹیم مانچسٹر ٹیسٹ کے دوران ۵۸؍رنوں پر سمٹ گئی تھی ۔ لیڈس میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم ۷۸؍ رنوں پر آؤٹ ہوگئی جو انگلینڈ کے خلاف اس تیسرا کم ترین اسکور ہے۔
؍۲۵؍گیندوں پر آخری ۵؍وکٹ گرے
 ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری۵؍وکٹیں محض ۲۵؍گیندوں کے درمیان گر گئیں۔بلے بازی میں یہ ہندوستانی ٹیم کا تیسرا سب سے کمزور مظاہرہ ہے۔اس سے قبل ۲۰۱۱ء میں انگلینڈ کے خلاف ہی کھیلتے ہوئے ٹیم انڈیا کے آخری ۵؍بلے باز ۲۳؍ گیندوں پر آؤٹ ہوگئے تھے جبکہ ۲۰۱۳ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ٹیم انڈیا کے آخری ۵؍بلے باز۲۵؍ گیندوں میں آؤٹ ہونے کا ’کارنامہ‘ انجام دے چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK