EPAPER
Updated: February 01, 2022, 1:19 PM IST | Agency | Mumbai
تمل ناڈو کے یہ دونوں کھلاڑی اب رنجی ٹرافی کے ابتدائی میچوں میں اپنی ٹیم کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے
محدود اوور کرکٹ میں تمل ناڈو کی کامیاب جوڑی شاہ رخ خان اور آر سائکیشور کو ویسٹ انڈیز کیخلاف ہونے والے ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز کیلئے بطور اسٹینڈ بائی ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔۱۶؍ سے۲۰؍ فروری کے درمیان کولکاتا میں ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ۳؍ میچوں کی ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی کرنی ہے ۔ یہ دونوں کھلاڑی اب رنجی ٹرافی کے ابتدائی میچوں میں اپنی ٹیم کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پچھلے ۳؍ سیزن میں تمل ناڈو کی وائٹ بال کرکٹ میں کامیابی کی کنجی ثابت ہوئے ان کھلاڑیوں نے اچھا کرکٹ کھیلا ہے۔ شاہ رخ نے تمل ناڈو کیلئے ایک بہترین فنشرکے طور پر خود کو ثابت کیا ہے، سائکیشور نے ٹیم کے پاور پلے اور ماہر گیند باز کے طور پر شہرت حاصل کی ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے حال ہی میں کرناٹک کوفائنل میں شکست دے کرڈومیسٹک ٹی ۲۰؍ ٹورنامنٹ سید مشتاق علی ٹرافی جیتنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ سائکیشور نے فائنل میں ۳؍ وکٹ لیے، جن میں سے دو پاور پلے میں آئے اور کرناٹک کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو بگاڑ دیا تھا ۔اس کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں نے آخری لمحات میں صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو چمپئن بنایا تھا۔ شاہ رخ نے۱۵؍ گیندوں پر۳۳؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کے سر جیت کا سہرا باندھا ۔ سائکیشور نے مقابلے میں۶ء۶۰؍ کے شاندار اکانومی ریٹ کے ساتھ۱۰؍ وکٹ لیے تھے، یہی نہیں، اس سے پہلے۲۰۔۲۰۱۹ءمیں ان کا اکانومی ریٹ۴ء۶۳؍ تھا جبکہ۲۱۔۲۰۲۰ء کی سید مشتاق علی ٹرافی میں انہوں نے۴ء۸۲؍ کے اکانومی ریٹ سے گیند بازی کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرکٹ کے اس مختصر ترین فارمیٹ میں ان کے خلاف رن بنانا مشکل ہے۔اسی پرفارمنس کی بنیاد پر سائکیشور ایک بار پھر ہندوستانی ٹی ۲۰؍ اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں، اس سے قبل وہ جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی دوم درجے کی ہندوستانی ٹیم میں بھی ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ یہ دونوں کھلاڑیوں پر۱۲؍ اور۱۳؍فروری کو انڈین پریمیر لیگ کی نیلامی میں بھی نظر رہے گی ۔