EPAPER
Updated: February 08, 2022, 12:38 PM IST | Agency | Cameroon
فائنل میں فُل ٹائم تک اسکور صفر۔ صفر رہا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں سینیگال نے ترکی کو ۲۔۴؍گول سے ہرادیا۔مانے نےٹیم کیلئے اہم گول کیا
بالآخر سادیو مانے نے سینیگال کو پہلی بار افریقہ کپ آف نیشنز کا چمپئن بنا دیا۔ لیورپول فٹبال کلب میں ان کے ساتھی محمد صلاح کھڑے رہ کر انہیں دیکھتے رہے اور کچھ نہیں کرسکے۔ خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں سینیگال اور ترکی فٹبال ٹیموں کا مقابلہ فُل ٹائم تک صفر۔صفررہا اور میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کیا گیا جس میں سینیگال کی ٹیم نے ۲۔۴؍ گول سے مقابلہ جیت لیا۔
خیال رہے کہ ترکی کے کھلاڑی محمد صلاح اور سینیگال کے کھلاڑی سادیو مانے دونوں ہی انگلش پریمیرلیگ کے فٹبال کلب لیورپول میں ایک ساتھ کھیلتے ہیں اور افریقہ کپ آف نیشنز کا فائنل ان دونوں کی ٹکر قرار دیا جارہا تھا لیکن سادیو مانے نے اپنی ٹیم کو فاتح بناکر ثابت کردیا کہ وہ محمد صلاح سے بہتر ہیں۔ اتوار کی دیر رات ہونےوالے فائنل کے ۷؍ویں منٹ میں سادیو مانے نے ایک پنالٹی ضائع کر دی تھی اور میچ کے آخر تک دونوں جانب سے کوئی اسکور نہیں ہوسکا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پہلاگول سینیگال کیلئے خاليدو كوليبالي نے کیا۔ ترکی کیلئے برابری کا گول زیزو نے کیا۔ سینیگال کیلئے دوسرا گول اے دیالو نے کیا لیکن ترکی کی جانب سے دوسرا شاٹ ایم عبدالمنیم نے ضائع کردیا۔ سینیگال کی جانب سے تیسراشاٹ باباكار سار نے ضائع کردیا۔ ترکی کی جانب سے تیسرے شاٹ پر ایم حمدی نے گول کرکے اسکور ۲۔۲؍گول سے برابرکردیا۔ سینیگال کیلئے چوتھا شاٹ اے بی ڈینگ نے لیا اور ٹیم کا تیسرا گول کردیا۔ ترکی کیلئے چوتھا شاٹ ایم لاشین نے لیا اور وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔سینیگال کی جانب سے ۵؍ویں شاٹ پر سادیو مانے نے گول کرکے اپنی ٹیم کو پہلی بار افریقہ کپ آف نیشنز کا چمپئن بنا دیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر اسکور ۲۔۴؍ گول رہا اور سینیگال نے پہلی بار چمپئن کا تاج پہن لیا۔