Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ کی فتح کے ہیرو شیخ رشید کے والدین نےخوشی کا اظہار کیا

Updated: February 08, 2022, 12:54 PM IST | Agency | Hyderabad

آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کے والدین انہیں سینئر ٹیم میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کے خواہشمند

Sheikh Rasheed .Picture:INN
شیخ رشید ۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی انڈر۱۹؍ کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کے ساتھ ہی ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔آندھراپردیش کے ضلع گنٹور سے تعلق رکھنے والے شیخ رشید نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل میں شاندار کارکردگی پیش کی اور ٹیم کو ٹرافی دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ شیخ رشید کے والدین اور مقامی افرادان کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ والدین اور مقامی افرادکی یہ خواہش ہے کہ شیخ رشید مستقبل میں قومی ٹیم کیلئے منتخب ہوں۔ ان تمام نے ٹیم انڈیا کی کامیابی میں اہم رول اداکرنے پر خوشی ظاہر کی۔ شیخ رشید کے والد شیخ ولی نے کہا کہ ان کے بیٹے کو مشکل سے یہ مقام ملا ہے۔نئی نسل کے بچوں کے لئے وہ جذبہ ہے۔ان کے خاندان کا تعلق متوسط درجہ سے ہے۔ابتدا میں کھیل کے سلسلہ میں ان کے فرزند نے کافی جدوجہد کی اورمقامی اکیڈمی میں تربیت حاصل کی۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ کوچ کرشنا، نرمل اورامتیاز سے ان کے فرزند نے تربیت حاصل کی جنہوں نے ان کے فرزند کی کافی مدد کی۔ وہ پریکٹس اور فٹنیس میں روزانہ۸؍گھنٹے صرف کرتے تھے۔اس کے والد نے کہاکہ ان کے دوستوں نے بھی ان کی مالی مدد بھی کی۔وہ انٹرنیشنل ٹیسٹ اورون ڈے کرکٹ ٹیم میں اپنے بیٹے کو دیکھنا پسند کرتے ہیں۔یہی ان کی خواہش ہے۔ شیخ رشید کی والدہ نے کہا کہ ابتدا میں کئی افراد نے کرکٹ کھیلنے سے ان کے بیٹے کو روکا تھا۔وہ اس کو کرکٹ کے بجائے تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا کرتے تھے تاہم بیٹے میں کرکٹ کے تئیں جذبہ دیکھ کر اس کے والد اس کو پریکٹس کیلئے لے جانے لگے۔ پہلے رشید گھر کے قریب کھیلاکرتا تھا بعد ازاں دوسرے مقامات پر اس نے کرکٹ کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ خواہش ہے کہ رشید مزید ترقی کرے۔رشید کی والدہ نے کہاکہ ان کے فرزند کے مظاہرہ پر ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا اور ان کو رات میں نیند بھی نہیں آئی۔وہ اپنے بیٹے کو باربار کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتی ہیں۔ان کے والدین کے ساتھ ساتھ ان کے پڑوسیوں اور رشتہ داروں نے بھی کہا کہ ان کورشید کے کھیل پر فخر ہے۔شیخ رشید تلگو ریاست سے تعلق رکھنے والے ایک باصلاحیت بلے باز ہیں۔ رشید کے والد شیخ ولی نے ان کو اس مقام پر لانے کیلئے سخت محنت کی اور ان کی تربیت کیلئے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے اے پی کے ضلع گنٹور منتقل ہوگئے جہاں ان کو معمولی کام اپنے خاندان کی کفالت کیلئے کرناپڑا۔رشید میں کافی زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے اور اس صلاحیت کوان کے کوچ کرشنا راؤ نے محسوس کیا جن کا کہنا ہے کہ رشید صورتحال کے لحاظ سے کھیل میں تبدیلی لانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ رشید کا کہنا ہے کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اندرسین اورایس بی آئی کے ریجنل منیجر سریکانت نے ا ن کے خاندان کی کافی مدد کی جس پر وہ ان دونوں شخصیا ت کے کافی ممنون ومشکور ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK