EPAPER
Updated: January 31, 2022, 1:55 PM IST | Agency | Melbourne
اسپینی کھلاڑی نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں روسی کھلاڑی ڈینیل میدویدیف کو ۵؍سیٹوں میں شکست دے دی
اتوار کو اسپین کے اسٹار ٹینس کھلاڑی رافیل ندال نے عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے ۲۱؍واں گرینڈ سلیم اپنے نام کرلیا۔ انہوںنے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے مردوں کے سنگلز کے فائنل میں روس کے نوجوان کھلاڑی ڈینیل میدویدیف کو ۵؍ سیٹوں کی جدوجہد کے بعد شکست دے دی۔ اس مقابلے کے پہلے ۲؍سیٹ رافیل ندال ہار گئے تھے لیکن انہوں نے زبردست مقابلہ کرتے ہوئے روسی کھلاڑی کو اگلے ۳؍ سیٹوں میں شکست دے دی۔ اس کامیابی کے بعد وہ دنیا کے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں جن کے نام ۲۱؍گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ ہے۔ ان کے بعد سوئزر لینڈ کے لیجنڈ راجر فیڈرر اور سربیا کے نمبروَن ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کا نمبرآتاہے۔ ان دونوں کے کھاتے میں ۲۰۔۲۰؍ گرینڈ سلیم ہیں۔ اتوار کو ہونے والے خطابی مقابلے میں رافیل ندال کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ انہوں نے پہلا سیٹ آسانی سے ۲۔۶؍ سے گنوا دیا۔ اس کے بعد دوسرے سیٹ میں انہوں نے جدوجہد کی لیکن میدویدیف یہ سیٹ ۶۔۷؍ سے جیت گئے۔ اس کے بعد رافیل ندال نے اپنے فارم میں لوٹتے ہوئے روسی حریف کو اگلے دو سیٹوں میں زیر کیا۔ اسپینی کھلاڑی نےتیسرا اور چوتھا سیٹ ۴۔۶، ۴۔۶؍ کے اسکور سے اپنے نام کرلیا۔ ۵؍ویں اور فیصلہ کن سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست رسہ کشی دیکھنے کو ملی اور دونوں ایک ایک پوائنٹ کیلئے ایک دوسرے پر زوردار حملے کررہے تھے۔ ایک وقت اسکور ۵۔۵؍ سے برابر ہوگیا تھا، آخر کار اس میچ میں تجربہ کی جیت ہوئی اور رافیل ندال نے آخری سیٹ ۵۔۷؍ سے جیت کر ۲۱؍گرینڈ سلیم جیتنے کا عالمی ریکارڈبنایا۔ رافیل ندال اور میدویدیف کے درمیان یہ مقابلہ ۵؍گھنٹے ۲۴؍منٹ تک چلا اور آسٹریلین اوپن کی تاریخ میں یہ دوسرا سب سے طویل فائنل ہے۔ اس سے قبل ۲۰۱۲ء میں نوواک جوکووچ اور ندال کے درمیان فائنل مقابلہ ۵؍گھنٹے ۵۳؍منٹ تک چلا تھا جس میں اسپینی کھلاڑی کو شکست ہوئی تھی۔اسپین کے کھلاڑی نے اپنا دوسرا آسٹریلین اوپن خطاب جیتا ہے۔ اس طرح وہ ایک گرینڈ سلیم کو ۲؍ یا اس سے زائد مرتبہ جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ چوتھے کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ گزشتہ سال فرینچ اوپن میں کامیابی کے بعد نوواک جوکووچ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ خیال رہے کہ اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل کے دوسرے سیٹ میں ایک احتجاجی کورٹ پر کود پڑا تھا جس سے میچ میں تاخیر ہوئی تھی۔