EPAPER
Updated: November 29, 2021, 2:08 PM IST | Agency | Paris
لیگ وَن میں پیرس کے کلب نے سینٹ ایٹین کو ۱۔۳؍ سے ہرا دیا
اتوار کو فرانس کی گھریلو فٹبال لیگ لیگ وَن کے میچ میں لیونل میسی کی شاندار کارکردگی کی بدولت پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی ) نے سینٹ ایٹین فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دےدی۔ اس میچ میں پی ایس جی کی ٹیم صفر۔ ایک سے پیچھے تھی لیکن مقابلے کے آخری لمحات میں ٹیم کے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی پیش کی اور اپنی ٹیم کو فتح کے ساتھ پورے ۳؍پوائنٹس بھی دلائے۔ اس میچ میں لیونل میسی نے ہیٹ ٹرک معاونت بھی کی حالانکہ وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ اس وقت لیگ وَن کے ٹیبل میں پیرس کا فٹبال کلب ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس کے ۱۵؍ میچوں میں ۴۰؍پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ اسے۱۳؍میچوںمیں فتح ملی ہے اور ایک میچ ڈرا ہوا ہے اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔ لیگ وَن میں دوسری پوزیشن پر موجود نیس ٹیم کے ۱۵؍ میچوںمیں ۲۶؍پوائنٹس ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان ۱۴؍پوائنٹس کا فرق ہے جوکہ بہت زیادہ ہے۔ اس وقت پی ایس جی کی ٹیم میں سبھی اسٹار کھلاڑی کھیل رہے ہیں جن میں نیمار، اینجل ڈی ماریا، کائلیان ایمباپے ، اشرف حکیمی اور سرجیوراموس کا نام قابل ذکر ہے۔ یہ سبھی مل کر ٹیم کو ٹاپ پوزیشن پر برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ اتوار کوہونے والے میچ کے ۵؍ویں منٹ میں پی ایس جی کیلئے پہلا گول نیمار نے کیا لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے ریفری نے اسے مسترد کردیا۔ میچ کے ۲۳؍ویں منٹ میں سینٹ ایٹین کی ٹیم کے کھلاڑی ڈی بوآؤنگا نے پہلا گول کرکے اسکور صفر۔ ایک کر دیا۔فرسٹ ہاف کے آخری حصہ میں سینٹ ایٹین کے کھلاڑی کولوڈزیزاک کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کردیاجس سے اس ٹیم کے میدان پر ۱۰؍کھلاڑی باقی رہے اور اس کا فائدہ پی ایس جی کی ٹیم نے اٹھایا۔ فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں مارکنہوس نے میسی کی مدد سے پیرس کے کلب کا پہلا گول کیا۔میچ کے ۷۹؍ویں منٹ میں اینجل ڈی ماریا نے میسی کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ میچ کے انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں مارکنہوس نے ٹیم کیلئے تیسرا اور اپنا دوسرا گول کیا۔ یہ گول کرنے میں بھی لیونل میسی نے ان کی مدد کی۔ اس طرح میسی نے ۳؍گول کرنے میں معاونت کی اور اپنی ٹیم کی جانب سے ہیرو بنے۔ وہ گول کرنے میں ناکام رہے لیکن انہوں نے گول کرنے کے مواقع بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے بعد پی ایس جی کی ٹیم نے چمپئن لیگ میں مانچسٹر سٹی سے ملنے والی شکست کو بھول کر اچھا مظاہر ہ کیا۔