EPAPER
Updated: February 11, 2022, 1:09 PM IST | Agency
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم پاکستان دورے پر ہوگی جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں مصروف رہیںگے
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کئی اہم کھلاڑی ممکنہ طور پر آئی پی ایل ۲۰۲۲ء کے ابتدائی حصے سے محروم ہو سکتے ہیں۔ اس کا دورانیہ ۱۰؍ دن سے لے کر ۲؍ ہفتوں تک ہوسکتا ہے۔ جہاں پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ ۵؍اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے، وہیں کیگسوربادا، اینریک نورٹجے اور مارکو یانسن کی جنوبی افریقی تکڑی بنگلہ دیش کے خلاف ۱۱؍اپریل کو ختم ہونے والی سیریز میں مصروف ہوگی۔ آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان پر ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ۲۵؍ مارچ کو ختم ہوگی۔ اس کے بعد آسٹریلیا کو راولپنڈی میں ۳؍ ون ڈے اور ایک ٹی۔۲۰؍ میچ کھیلنا ہے۔ گزشتہ روز ٹیموں کو بھیجے گئے ایک ای میل میں، آئی پی ایل نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے دورے پر تینوں فارمیٹ کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کو ۶؍ اپریل کے بعد ہی جانے کی اجازت دی ہے۔ ساتھ ہی بورڈ نے آئی پی ایل کو مطلع کیا ہے کہ ۳۱؍مارچ سے شیفیلڈ شیلڈ کا فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے تمام کھلاڑی۵؍ اپریل کے بعد ہی اس مقابلے کے لئے پرواز کر سکیں گے۔ جہاں تک سوال جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کا ہے، کرکٹ جنوبی افریقہ نے آئی پی ایل کو بتایا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران ان کے کھلاڑی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں مصروف رہیں گے۔ ۱۸؍ سے ۲۳؍مارچ کے درمیان ۳؍ ون ڈے میچوں کے ساتھ اس دورے کا آغازہوگا، جس کے بعد ۳۰؍ مارچ سے ۱۱؍ اپریل کے بیچ ۲؍ ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ بورڈ نے ابھی تک اس دورے کے لئے ٹیموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔کئی اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی ان ۱۰؍ ٹیموں کو متاثر کرے گی جو اس ہفتے کے آخر میں بنگلور میں آئی پی ایل کی بڑی نیلامی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ وارنر اور ربادا نیلامی کے آغاز میں آنے والی مارکی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بھی واضح طور پر کہا ہے کہ ان کے کھلاڑی ۲۸؍مارچ تک دستیاب نہیں ہوں گے۔ ایسے میں جونی بیرسٹو اور جیسن ہولڈر سمیت کئی بڑے نام، جن پر آئی پی ایل ٹیموں کی نظریں ہیں، مقابلے کے پہلے ہفتے سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی، ای سی بی نے کہا ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کو ۲۹؍مئی کے بعدنیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینے کے لئے وطن واپس آنا ہوگا۔ویسٹ انڈیز کو نیدرلینڈس کے خلاف بھی محدود اووروں کے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ تاہم بورڈ نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ آیا وہ آئی پی ایل سے اپنے کھلاڑیوں کو واپس بلائے گا۔ آئی پی ایل نے یہ بھی بتایا ہے کہ بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن۸؍سے ۲۳؍مئی کے درمیان دستیاب نہیں ہوں گے۔ اس دوران بنگلہ دیش کو سری لنکا کے خلاف ۲؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم مارچ اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ بھی کرے گی۔ ایسے میں ٹیمیں انہیں خریدنے سے پہلے ضرور سوچیں گی۔ مستفیض الرحمان کی دستیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا وہ بنگلہ دیش کی ون ڈے اور ٹی ۔۲۰؍ ٹیموں میں منتخب ہوتے ہیں یانہیں۔