Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاض محرز کی بدولت مانچسٹر سٹی فٹبال کلب ایف اے کپ کے ۵؍ویں راؤنڈ میں داخل

Updated: February 07, 2022, 2:10 PM IST | Agency | Manchester

چوتھے راؤنڈ کے میچ میں فلہم کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دی۔ ۲؍گول ریاض اور ایک ایک گول ایلکائی غندوغان اور اسٹونس نے کئے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے ایف اے کپ کے چوتھے راؤنڈ میں فلہم فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے ۴؍ گول سے شکست دےکر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہےجہاں اس کا مقابلہ پیٹربورو کے خلاف ہونے والاہے اور یہ سٹی کا بیرون شہر مقابلہ ہوگا۔ اتوارکو ایک اور میچ میں لیورپول فٹبال کلب نے کارڈف سٹی کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے کر ۵؍ویں راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیاہے۔   سنیچر کی دیر رات ہونےوالے میچ میں فلہم کی جانب سے پہلا گول ہوا اور اس نے صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی تھی۔ چوتھے منٹ میں فیبیو کاروالہو نے پہلا گول کیا۔ سٹی کی جانب سے برابری کا گول  چھٹے منٹ میں ہوا اور یہ گول جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایلکائی غندوغان نے کیا۔ اس کے بعد ۱۳؍ویں منٹ میں جان اسٹونس کے گول کی بدولت سٹی نے ایک۔۲؍گول کی برتری حاصل کر لی۔میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کے کھلاڑیوں نے زوردار حملہ شروع کیا اور ۵۳؍ویں منٹ میں اسکور ایک۔۳؍ کردیا۔ الجیریا سے تعلق رکھنے والے سٹی کے کھلاڑی ریاض محرز نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کر کے ٹیم کی برتری مضبوط کردی۔ اس گول کے ۴؍ منٹ بعد ہی انہوں نے سٹی کا چوتھا گول کیا اور اسکور ایک۔۴؍ کردیا۔ ۵۷؍ویں منٹ میں ہونےوالے گول کے بعد کوئی اورگول نہیں ہوسکا اور سٹی نے یہ میچ ایک۔ ۴؍ سے جیت لیا۔   اتوار کو ہونےوالے چوتھے راؤنڈ کے میچ میں لیورپول کی ٹیم نے اسٹار کھلاڑی محمد صلاح کے بغیر کھیلتے ہوئے کارڈف سٹی کو شکست دی۔ محمد صلاح اس وقت اپنی قومی ٹیم مصر کے ساتھ افریقہ کپ آف نیشنز میں کھیل رہے ہیں۔ لیورپول نے پہلا ہاف بغیر گول کے ختم کیا اور اس کی جانب سے تینوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے۔ ڈیگو جوٹا نے ٹرینٹ الیگزینڈر آرنالڈ کی مدد سے پہلا گول کیا۔ ۶۸؍ویں منٹ میں ٹی منی مینو نے ایل ڈیاز کی مدد سے دوسرا گول کیا اور اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ ۷۶؍ویں منٹ میں ایچ ایلیٹ نے ٹیم کا تیسرا گول کیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK