EPAPER
Updated: September 30, 2021, 1:58 PM IST | Agency | Madrid
نئے فٹبال کلب شیریف نے ریئل کو ۱۔۲؍ سے ہرا دیا۔تھیل نے اہم گول کیا
مولدووا ملک کے فٹبال کلب شیریف کیلئے منگل کی رات یادگار تھی کیونکہ اس نے یورپ کے مضبوط اور ۱۳؍مرتبہ کے چمپئن لیگ کے چمپئن ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کو ۱۔۲؍ سے شکست دےدی۔ اس میچ میں ریئل کی جانب سے کریم بینزیما نے پنالٹی پرگول کیا لیکن ان کی کوشش بھی ضائع ہوگئی۔ ریئل میڈرڈکے گھریلو میدان پر ہونے والے میچ میں میزبان کلب کو ۱۔۲؍ سے شکست کی ہزیمت برداشت کرنی پڑی اور چمپئن لیگ میں ایک نئی ٹیم نے اسے دھول چٹا دی ۔ اس فتح کے بعد مولدووا کے کلب کے گروپ ڈی میں ۶؍پوائنٹس ہوگئے ہیں اور اس نے ریئل میڈرڈ سے ۳؍پوائنٹس زیادہ حاصل کئے ہیں۔منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ کی جانب سے آغاز اچھا نہیں ہوا اوراسے ۲۵؍ویں منٹ میں صفر۔ ایک سے پیچھے ہونا پڑا۔ ایف سی شیریف کی جانب سے یکشیبوو نے کرسٹیانو کی مدد سے ٹیم کیلئے اہم گول کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ریئل کو ایک پنالٹی ملی اور اس کے اسٹار اسٹرائیکر کریم بینزیما نے اسے گول میں تبدیل کر دیا۔اسکور ایک ۔ ایک سے برابر ہوگیا اور ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ ڈرا ہوجائے گالیکن میچ کے ۹۰؍ویں منٹ میں ایس تھیل نے اے ٹرور کی مدد سے ٹیم کیلئے فاتحانہ گول کیا۔ اس گول کے بعد ریئل نے کوشش بھی کی تھی لیکن تب تک کافی دیر ہوچکی تھی۔ میچ کے بعد شیریف کے کپتان فرینک نے کہا کہ یہ فتح ہمارے لئے شاندار ہے۔