EPAPER
Updated: December 23, 2021, 12:15 PM IST | Agency | Dhaka
جنوبی کوریا نےآخری گول آخری لمحات میں کیا،اس کے بعد فیصلہ کیلئے میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چلا گیا اورکوریا نے ۲-۴؍ سے میچ اور خطاب اپنے نام کرلیا
پہلی مرتبہ فائنل کھیل رہی جنوبی کوریا کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ایشیائی کھیلوں کے فاتح جاپان کو بدھ کے روزپنالٹی شوٹ آؤٹ میں۲-۴؍ سے شکست دے کر ایشین چمپئن ٹرافی کا خطاب جیت لیا۔ کوریا کی ٹیم نے ابتدائی وقتوں میں میچ میں برتری=حاصل کی لیکن اگلے ۲؍ کوارٹر میں۳؍ گول کھا کر ۳-۱؍ سے پیچھے ہوگئی تھی۔ کوریا نے واپسی کرتے ہوئے آخری کوارٹر میں ۲؍ گول کئے اور اسکور آخری منٹ میں۳-۳؍ سے برابر کر دیا۔ کوریا نے اپنا آخری گول میچ کے آخری لمحات میں کیا۔ اس کے بعد فیصلہ کے لیے میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چلا گیا۔ کوریا کی ٹیم نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ۲-۴؍ سے جیت حاصل کرتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا۔ کوریا نے اس سے قبل۲۰۱۶ء میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی ۔ دونوں ہی ٹیموں کے مابین شروع سے ہی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔گزشتہ ایڈیشن میں مشترکہ فاتح پاکستان کو۵-۶؍سے شکست دے کر پہلی بار فائنل میں پہنچنے والی کوریا نے میچ کے آٹھویں منٹ میں گول کر کے ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی۔ جیونگ جونوو نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی۔ کوریا نے بھی اپنا دفاع مضبوط رکھا۔ اس کے ساتھ ہی پہلا کوارٹر ایک۔صفر کے اسکور پر ختم ہوا۔جاپان نے دوسرے کوارٹر میں جوابی حملہ کیا ۔ لی ہائےسینگ نے۲۴؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر کے اسکور ایک ایک کر دیا۔ جاپان یہیں نہیں رکا اور دوسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل۲۹؍ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے۲-۱؍ کی برتری حاصل کر لی۔جاپان نے اس کے بعد تیسرے کوارٹر میں اپنی فارم کو برقرار رکھا اور۳۸؍ ویں ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا اور ۳-۱؍ کی سبقت حاصل کی۔
میچ کے۵۵؍ویں منٹ میں کوریا کے جونگ ہیون جانگ نے پنالٹی کارنر پر ٹیم کا دوسرا گول کیا اور پھر آخری منٹ میں ملے ایک اور پنالٹی کارنر پر۳-۳؍ کی برابری کرنے والا گول داغا۔ میچ اسی سکور پر ختم ہوا اور فاتح قرار دینے کے لیے شوٹ آؤٹ کا استعمال کیا گیا جہاں کوریا نے میچ اپنے نام کیا ۔ کوریا نے شوٹ آؤٹ میں ۴؍ گول کیے جب کہ جاپان کی ٹیم صرف ۲؍ گول کر سکی۔
اس سے قبل ڈھاکہ میں کھیلے گئے ایشین ہاکی چیمپئن ٹرافی کا جنوبی کوریا اورپاکستان کے درمیان پہلا سیمی فائنل بہت دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا جہاں مجموعی طور پر۱۱؍ گول ہوئے تھے۔ جنوبی کوریا کی جانب سے جینگ نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے۴؍گول کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے مبشر علی نے۲؍، عمر بھٹہ، جنید منظور اور افراز نے ایک، ایک گول کئے۔واضح رہے کہ۵؍ ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں پاکستان ٹیم صرف بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔