EPAPER
Updated: February 10, 2022, 12:34 PM IST | Agency
دوسرے یکروزہ میں ہندوستانی ٹیم کی۴۴؍رن سے فتح ۔ ہندوستانی گیندبازوں نے ونڈیز بلے بازوں کو ناکام کردیا۔ پرسدھ کرشنا نے ۴؍وکٹ لئے۔ سوریہ کمار یادو کی نصف سنچری
مڈل آرڈر بلے باز سوریہ کمار یادو (۶۴؍رن) اور نائب کپتان لوکیش راہل (۴۹؍رن) کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ۲۳۷؍ رن کا قابل دفاع اسکور بنایاجس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۴۶؍اوور میں ۱۹۳؍رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستانی ٹیم نے ۴۴؍رن سے میچ جیت لیا۔ ہندوستانی گیندبازوں نے اس میچ میں بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا خصوصی طورپر نوجوان گیندباز پرسدھ کرشنا نے ۴؍وکٹ لئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سےشمراہ بروکس نے اچھی بلے بازی کی اور ۴۴؍رن بنائے۔ ونڈیز کے دوسرے ٹاپ اسکورر عقیل حسین رہے جنہوں نے ۳۴؍ رن کا تعاون کیا۔پرسدھ کے علاوہ شاردُل ٹھاکر نے ۲؍وکٹ لئے۔اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ۳؍میچوں کی یکروزہ سیریز پر صفر۔۲؍ سے ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔اب تیسرے میچ کی اہمیت نہیں رہ گئی ہے لیکن ہندوستان کلین سویپ کیلئے کھیلے گا۔ مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کرگیندبازی کا فیصلہ کیا اور اچھی گیندبازی کرتے ہوئے شروعات میں کپتان روہت شرما، رشبھ پنت اور وراٹ کوہلی کے وکٹ لے کرہندوستان کو بڑے دھچکے دیئے۔ نتیجہ کے طور پر مڈل آرڈر پر دباؤ میں آگیا لیکن سوریہ کمار اور راہل نے بالترتیب ۵؍ چوکوں کی مدد سے۸۳؍ گیندوں پر ۶۴؍رن اور ۴؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ۴۸؍گیندوں پر۴۹؍ رن کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بحران سے باہر نکالا۔ دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے۹۱؍ رن کی شراکت ہوئی۔ راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد سوریہ نے واشنگٹن کے ساتھ ۵؍ویں وکٹ کیلئے بھی۴۳؍ رن کی شراکت کی۔ پھر آخر میں دیپک ہڈا کے ۲۹؍رن، واشنگٹن سندر کے۲۴؍ رن اور یزویندر چہل کے۱۱؍ رن کے تعاون کی بدولت ہندوستان ۵۰ ؍اوور میں ۹؍ وکٹ پر۲۳۷؍ رن کے قابل دفاع اسکور تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ نئی حکمت عملی کے تحت پنت روہت کے ساتھ اوپننگ کیلئے اترےلیکن دونوں سلامی بلے با ز کچھ متاثر کن کارکردگی نہیں کرسکے ۔ تیسرے اوور کی آخری گیندپر ۹؍رن کے اسکور پر روہت کی شکل میں ہندوستان کا پہلا وکٹ گرا۔ وہ ۸؍ گیندوں پر ۵؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ۳۹؍ رن کے اسکور پر پنت کی شکل میں دوسر اوکٹ گرا، جو۳۴؍ گیندیں کھیل کر۱۸؍ رن پر آؤٹ ہوئے جس میں انہوں نے ۳؍ چوکے لگائے۔ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان وراٹ کوہلی بھی بدھ کوکچھ خاص نہیں کرسکے اور۳۰؍گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے۱۸؍ رن پر آؤٹ ہوگئے۔ پنت اور وراٹ دونوں کے نوجوان تیزگیندباز اوڈین اسمتھ نے آؤٹ کیا۔ انہوں نے ۷؍ اوور میں۲۹؍ رن پر ۲؍رن جبکہ الزاری جوزف نے ۱۰؍ اوور میں ۳۶؍ رن پر ۲؍ وکٹ لئے۔ کیمرروچ ، جیسن ہولڈر ، عقیل حسین اور فیبین ایلین کو ایک ایک وکٹ ملا۔