Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایسٹ بنگال کے خلاف میچ میں حیدرآبادکے پاس ممبئی کے قریب پہنچنےکا سنہرا موقع

Updated: December 23, 2021, 12:23 PM IST | Agency

حیدرآباد ایف سی پچھلے پانچ میچوں سے ناقابل تسخیر رہی ہےلیکن فی الحال درجہ بندی میںچوتھے مقام پر ہے، بنگال کے خلاف جیت اس کیلئےاہم ہوگی

Hyderabad is a strong contender for victory against East Bengal.Picture:INN
ایسٹ بنگال کے خلاف حیدر آباد جیت کی مضبوط دعویدار ہے ۔ تصویر: آئی این این

حیدرآباد ایف سی، جب  جمعرات کو بیمبولن کے جی ایم سی اتھلیٹک اسٹیڈیم میں ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل۲۰۲۱ء) میں اپنا اگلا میچ کھیلے گی تو اس کا مقصد نہ صرف کمزور ایس سی ایسٹ بنگال کو شکست دینا ہوگا بلکہ ٹیبل کی ٹاپ ٹیم ممبئی سٹی ایف سی کے ساتھ پوائنٹ کے فرق کو کم کرنا ہوگا۔یہ جیت ہسپانوی کوچ مینوئل ’مانولو‘ مارکیز روکا کی ٹیم کو دوسرے نمبر پر لے جائے گی۔
 حیدرآباد پچھلے پانچ میچوں سے ناقابل تسخیر رہی ہے اور اس سیزن میں زیادہ تر میچوں میں جیت حاصل کرنے کے معاملے میں کیرالا  بلاسٹرس   سے پوائنٹ ٹیبل میں پیچھے ہے۔ اس لیے، ایسٹ بنگال کے خلاف آئندہ میچ میں حیدرآباد جیت کی  مضبوط دعویدار ہوگی، کیونکہ کولکاتا  تین پوائنٹس کے ساتھ۱۱؍ ٹیموں کے ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔ اس نے ابتک گزشتہ ۱۱؍ میچوں میں (۴؍ پچھلے سیزن اور ۷؍ اس سیزن) میں ایک بھی میچ نہیں جیتا ہے ۔اگر حیدرآباد یہ میچ جیت جاتا ہے تو وہ۱۴؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلا جائے گا۔ وہ ٹاپ ٹیم ممبئی سے صرف ایک پوائنٹ کی دوری پر ہے۔ ممبئی کے ۷؍ میچوں میں۱۵؍ پوائنٹس ہیں۔ حیدرآباد نے اس سیزن میں کھیلے گئے ۶؍ میچوں میں صرف ۵؍ گول ہی کھائے ہیں۔ کم گول اسکور کرنے کے معاملے میں وہ چنئی ایف سی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ حیدرآباد کے کوچ مینوئل ’مانولو‘ مارکیز روکا نے کہا کہ ہر میچ جیتنا مشکل ہوتا ہے۔ ایسٹ بنگال کے خلاف میچ بھی مشکل ہونے والا ہے۔ ہم جیتنے کی کوشش کریں گے لیکن اسے کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے ۔ یہ سچ ہے کہ  ایسٹ بنگال اچھے فارم میں نہیں ہے لیکن اس نے ٹیبل کی ٹاپ تین ٹیموں کے ساتھ ڈرا کھیلے ہیں۔حیدرآباد کے برعکس ایس سی ایسٹ بنگال کی کہانی بالکل مختلف ہے۔ کوچ  جوس مینوئل ڈیاز کی ریڈ اینڈ گول بریگیڈ پچھلے میچ میں نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی سے نہ صرف  صفر-۲؍سے ہارگئی تھی بلکہ اس کے بہترین کھلاڑی انتونیو پیروسیوک کو ریڈ کارڈ ملنے پر میدان چھوڑنا پڑا تھا۔ ایسٹ  بنگال کا دفاع بہت کمزور رہا ہے اور ان کے حملوں میں کوئی تیزی نظرنہیں آرہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK