EPAPER
Updated: January 10, 2022, 1:54 PM IST | Agency | London
تیسرے راؤنڈ کے میچ میں چیلسی کی ٹیم نے حریف ٹیم کو ایک کے مقابلے ۵؍گول سےشکست دی۔ رومیلو لوکاکو نے بھی ایک گول کیا
ایف اے کپ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں چیلسی فٹبال کلب نے چیسٹرفیلڈ فٹبال کلب کے خلاف کسی صلہ رحمی کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے ایک کے مقابلے ۵؍گول سے شکست دے دی۔ اس میچ میں ناراض کھلاڑی رومیلو لوکاکو نے بھی شرکت کی تھی اور انہوںنے ایک گول بھی کیا۔ سنیچرکی دیر رات ہونےوالے میچ میں انگلش پریمیر لیگ کے کلب چیلسی نے چیسٹر فیلڈ کو آغاز ہی سے پیچھے دھکیل دیا تھا۔ میچ کے چھٹے منٹ میں ٹیمو وارنر نے اچھا گول کرکے ٹیم کو سبقت دلائی۔ اس کے چند منٹوں کے بعد ہی کیلم ہڈسن اوڈوئی نے دوسرا گول کرکے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔ یہ گول ۱۸؍ویں منٹ میں ہوا تھا اور اس کے ۲؍منٹ بعد ہی بلجیم سے تعلق رکھنے والے چیلسی کے اسٹار رومیلو لوکاکو نے گول کرکے اسکور صفر۔۳؍ کردیا۔ فرسٹ ہاف کے اختتام سے قبل چیلسی کی جانب سے اینڈریس کرسٹینسن نے ایک اور گول کرکے اسکور صفر۔۴؍ کردیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں حکیم زیاش نے ۵۵؍ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے چیلسی کا اسکور صفر۔۵؍ کردیا۔ چیسٹر فیلڈ کی ٹیم مسلسل گول کرنے کی کوشش کرتی رہی لیکن چیلسی کا دفاع مضبوط تھا اس کے باوجود میچ کے آخری لمحات میں اس نے ایک موقع پا لیا اور اس کے کھلاڑی اکواسی اسانتے نے ٹیم کیلئے ایک گول کرکے اسکور ایک۔۵؍ کردیا اور اسی اسکور پر میچ کا خاتمہ ہوا۔ خیال رہے کہ چیلسی فٹبال کلب کے منیجر تھامس ٹیوکیل اور رومیلو لوکاکو کے درمیان کچھ تنازع تھا جسے گزشتہ ہفتے حل کرلیا گیا تھا اور رومیلو لوکاکو نے عوامی سطح پر معذرت بھی کرلی تھی۔