EPAPER
Updated: April 13, 2021, 2:25 PM IST | Agency | Paris
آج دوسرے مرحلے کے میچ میں بائرن فٹبال کلب کی ٹیم پیرس کا دورہ کریگی۔ پیرس سینٹ جرمین نے پہلے مرحلے میں ۲۔۳؍ سے کامیابی حاصل کی تھی
یوئیفا چمپئن لیگ کے دفاعی چمپئن بائرن میونخ فٹبال کلب کو کوئی کرشمہ ہی سیمی فائنل میں پہنچا سکتاہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) اور بائرن میونخ فٹبال کلب کے درمیان کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کا میچ کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ پہلے مرحلے میں پیرس کی ٹیم نے میونخ میں بائرن کو جدوجہد کے بعد ۲۔۳؍ سے شکست دی تھی۔ جرمنی کے معروف فٹبال کلب بائرن میونخ اس شکست کو بھول کر آگے بڑھتے ہوئے کوارٹر فائنل کے دوسرے لیگ کے میچ میں پیرس کے فٹبال کلب کو زیادہ گول فرق سے روندنا چاہے گا۔ دوسری طرف پیرس کی ٹیم بھی اپنے میدان پر کامیابی کی متمنی ہےکیونکہ اس کی خواہش بھی چمپئن لیگ میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ پچھلے میچ میں مجموعی طورپر ۵؍گول ہوئے تھے اور اس میچ میں پیرس کے کائلیان ایمباپے اسٹار بنے تھے۔ انہوںنے اس میچ میں ۲؍گول کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس وقت پی ایس جی کی ٹیم فارم میں ہے اور اس نے فرینچ کی لیگ وَن میں گزشتہ سنیچر کو اسٹراسبورگ کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دی ہے۔ دوسری طرف گھریلو لیگ میں بائرن اور یونین برلن کا میچ ایک ایک گول سے ڈرا ہواتھا۔ حالانکہ اس میچ میں جمال موصیالا کے ذریعہ کیا گیاگول ریفری نے رد کردیا تھا۔یہ ٹیم اس ڈرا کے باوجود بنڈس لیگا میں ۵؍پوائنٹس کی برتری لئے ہوئےہے۔ منگل کو بائرن کی ٹیم پوری قوت کے ساتھ پی ایس جی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔پی ایس جی اپنے گھریلو میدان پر گزشتہ ۵؍میچوں میں سے ۳؍ میں شکست پائی ہے اور بائرن کی ٹیم اس کی اس کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہے گی۔ اگردونوں کا موازنہ کیا جائے تو پیر س سینٹ جرمین کی ٹیم مضبوط نظرآتی ہے ۔گزشتہ ۱۱؍میچوں میں پیرس کے کلب نے ۶؍میچ جیتے ہیں۔ دوسری طرف بائرن نے ۴؍میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان دونوںکے درمیان یادگار میچ گزشتہ سال اگست میں ہونے والا چمپئن لیگ کا فائنل تھا جس میں بائرن نے صفر۔ ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پی ایس جی کی ٹیم میں السینڈرو فلورینزی اور مارکو ویراٹی کے آنے سے مضبوطی آگئی ہے۔ یہ دونوں کورونا سے متاثر ہوگئے تھے۔ لینڈرو پیریڈس بھی اس میچ میں شرکت کریں گے جو معطلی کی وجہ سے ایک میچ باہر تھے۔ منگل کے میچ میں مارکینوس ، کیلر نواس ، مورا اکارڈی اور لیوون کُرزاوا شرکت نہیں کرپائیں گے ۔ یہ سبھی اس وقت انجرڈ ہیں اور ان کا کھیلنا مشکوک ہے۔ دوسری طرف بائرن کی ٹیم میں اسٹار کھلاڑی رابرٹ لیوانڈوسکی نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ وہ اب بھی صحتیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ سرجی گنابری بھی اس میچ میں شرکت نہیں کرپائیں گے کیونکہ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد آئسولیشن میں ہیں۔کنگسلے کومین کا کھیلنا بھی مشکل ہے۔