EPAPER
Updated: February 02, 2022, 11:52 AM IST | Agency | New Delhi
آئی پی ایل کے ۱۵؍ویں سیزن کیلئے میگا نیلامی۱۲؍ اور۱۳؍ فروری ۲۰۲۲ء کو بنگلور میں ہونی ہے، جس میں ۱۰؍ ٹیموں کے مالکان اور نمائندے شرکت کریں گے
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۲ء کی میگا نیلامی سے متعلق بڑا اعلان بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے یکم فروری کو کیا ۔ دو روزہ میگا نیلامی کیلئے آئی پی ایل ۲۰۲۲ء میگا نیلامی کی فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ آئی پی ایل۲۰۲۲ء کی میگا نیلامی کیلئے۱۲۰۰؍ سے زائد کرکٹرس نے رجسٹریشن کروایاتھا تاہم ۵۹۰؍ کرکٹرس نیلام کئے جائیں گے۔ آئی پی ایل کے ۱۵؍ویں سیزن کیلئے میگا نیلامی۱۲؍ اور۱۳؍ فروری ۲۰۲۲ء کو بنگلور میں ہونی ہے، جس میں ۱۰؍ ٹیموں کے مالکان اور نمائندے شرکت کریں گے۔ آئی پی ایل۲۰۲۲ء میگا نیلامی میں جن ۵۹۰؍کھلاڑیوں پر بولی لگائی جائے گی، ان میں سے ۲۲۸؍ کیپڈ اور۳۵۵؍ غیرکیپڈ ہیں۔ کیپ کا مطلب ہے کہ انہوں نے یا تو ہندوستان کیلئے یا کسی دوسرے ملک کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کیپڈ کھلاڑیوں کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے ہندوستان یا کسی اور ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ یا لیگ کرکٹ کھیلاہےلیکن انہیں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ اس میگا نیلامی میں اسوسی ایٹ نیشنز کے۷؍ کھلاڑی بھی شامل ہیں جن کی بولی لگا ئی جائے گی۔ ہندوستان کے اہم کھلاڑیوں کے بارے میں بات کریں تو شریس ایّر، شکھر دھون، آر اشون، محمد سمیع، ایشان کشن، اجنکیا رہانے، سریش رائنا، یزویندر چہل، واشنگٹن سندر، شاردُل ٹھاکر، دیپک چاہر، ایشانت شرما، امیش یادو اور ہرشل پٹیل جیسے بہت سے معروف کھلاڑی ہیں، جن پر بھاری بولی لگائی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کھلاڑیوں میں فاف ڈو پلیسس، ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنس، کگیسو ربادا، ٹرینٹ بولٹ، کوئنٹن ڈی کاک، جونی بیریسٹو، جیسن ہولڈر، ڈوین براوو، شکیب الحسن اور وینندو ہسارنگا جیسے مضبوط کھلاڑی ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس بار۱۰؍ ٹیمیں آئی پی ایل کا حصہ ہوں گی۔ ممبئی انڈینس، چنئی سپرکنگز، کولکاتا نائٹ رائیڈرس، سن رائزرس حیدرآباد، راجستھان رائلز، رائل چیلنجرز بنگلور، پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلس کی ٹیمیں گزشتہ چند سیزن سے آئی پی ایل کھیل رہی ہیں لیکن اب لکھنؤ سپر جائنٹس اور احمد آباد کی ٹیمیں آئی پی ایل کھیل رہی ہیں جو اس سیزن سے اس مقبول ٹی ۲۰؍لیگ کا حصہ ہوں گی۔آئی پی ایل ۲۰۲۲ء کی میگا نیلامی میں اب ۴۸؍ کھلاڑی ہیں جن کی بنیادی قیمت ۲؍ کروڑ روپے ہے۔ اس کے ساتھ ہی۲۰؍ کھلاڑی ایسے ہیں جن کی بنیادی قیمت۱ء۵؍ کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ ۳۴؍کھلاڑی ایسے ہیں جن کی بنیادی قیمت ایک کروڑ روپے ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل ہمیشہ ایک ایسا ٹورنامنٹ رہا ہے جہاں باصلاحیتوں کو مواقع ملتے ہیں۔